مظفرآباد: آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور گردونواح میں سیاسی درجہ حرارت عروج پر پہنچ گیا ہے۔ حلقہ لچھراٹ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت انجینیئر افتخار حسین میر کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کے بعد پہلی بار اپنے آبائی حلقے میں آمد پر سیاسی طاقت کا ایسا بھرپور مظاہرہ کیا گیا جس نے علاقے میں سیاسی توازن بدلنے کے واضح اشارے دے دیے ہیں۔
پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خواجہ فاروق احمد کے ہمراہ جب انجینیئر افتخار حسین میر مظفرآباد کے داخلی مقام امبور پہنچے تو سینکڑوں کارکنان اور نوجوانوں نے ان کا فقید المثال استقبال کیا۔ امبور سے دیولیاں تک نکالی جانے والی تاریخی ریلی میں نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا، جو ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے تبدیلی کے نعرے بلند کرتے رہے۔ کارکنان نے اپنے قائد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ہار پہنا کر اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے اس بڑے قافلے کا پٹہکہ، پنجگراں، جبار اور کہوڑی سمیت مختلف مقامات پر پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کی سیاست میں بڑا بریک تھرو، انجینئر افتخار حسین میر پی ٹی آئی میں شامل
دیولیاں میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجینیئر افتخار حسین میر نے کہا کہ ان کا پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا فیصلہ کسی وقتی مصلحت کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک نظریاتی ہم آہنگی کا عکاس ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ علاقے کی تعمیر و ترقی، نوجوانوں کے روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے جس محبت اور اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اسے عملی خدمت میں ڈھالنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی ترقی کی طرف بڑھا جائے تاکہ علاقہ تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر میں مثالی بن سکے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق انجینیئر افتخار حسین میر کی پی ٹی آئی میں شمولیت اور اس قدر بھرپور عوامی پذیرائی حلقہ لچھراٹ کے مستقبل کے سیاسی منظرنامے میں اہم تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔ مقامی عوام کی جانب سے انہیں ایک مضبوط اور فعال قیادت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے روایتی سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔




