نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری، انٹرنشپ پروگرام سے ماہانہ 60 ہزار روپے تک کمانے کا موقع

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے نوجوانوں کے لیے ایک شاندار “لائیو اسٹاک انٹرنشپ پروگرام” کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ویٹرنری گریجویٹس کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔

60 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع ہونے والے اس انقلابی منصوبے کا مقصد صوبے میں ویٹرنری خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور نوجوان پیشہ ور افراد کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 1,000 ویٹرنری گریجویٹس اور پیرا ویٹرنری اسٹاف کو باقاعدہ تربیت دی جائے گی، جو مختلف اضلاع میں جانوروں کی صحت اور ڈیری پیداوار کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا میں نئی ملازمتوں کا اعلان: پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے شاندار موقع

پنجاب لائیو اسٹاک انٹرنشپ 2026 کے تحت منتخب ہونے والے ویٹرنری گریجویٹس کو ماہانہ 60,000 روپے وظیفہ ملے گا، جبکہ پیرا ویٹرنری اسٹاف کو 40,000 روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔ یہ پروگرام نوجوانوں کو عملی تجربہ حاصل کرنے اور اپنے کیریئر کو مستحکم کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ پنجاب کی گوشت اور ڈیری برآمدات میں اضافے سے صوبائی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔

اس پروگرام میں دلچسپی رکھنے والے امیدوار پنجاب جاب پورٹل کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔ درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کے لیے پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل (PVMC) سے رجسٹریشن لازمی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے درخواست گزاروں کی رہنمائی کے لیے ایک خصوصی ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے تاکہ اپلائی کرنے کا عمل شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔

Scroll to Top