ادویات کی آن لائن تشہیر اور غیر قانونی فروخت کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، ڈریپ کا پی ٹی اے کو خط

اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے ادویات کی غیر قانونی آن لائن تشہیر اور فروخت کو روکنے کے لیے سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈریپ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو باقاعدہ درخواست دی ہے کہ ایسی تمام ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز کو فوری طور پر بلاک کیا جائے جو بغیر اجازت ادویات کی فروخت میں ملوث ہیں۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے اپنی تحقیقات کے دوران متعدد ایسے آن لائن پلیٹ فارمز کی نشاندہی کی ہے جو ڈرگ قوانین کی سرعام خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ڈریپ حکام کا موقف ہے کہ غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ ادویات کی آن لائن فروخت عوامی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ خاص طور پر سوشل میڈیا اور مختلف ویب سائٹس پر ڈاکٹر کے نسخے (Prescription) کے بغیر ادویات کی تشہیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد، غیرمعیاری، غیر رجسٹرڈ و ایکسپائرڈ ادویات کیخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ

ڈریپ کی رپورٹ کے مطابق، جنسی صحت، وزن میں کمی اور ذہنی امراض سے متعلق ادویات کی آن لائن فروخت بڑے پیمانے پر جاری ہے جو کہ مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔ سوشل میڈیا پر چلنے والے یہ اشتہارات سادہ لوح شہریوں کو “خود علاج” (Self-Medication) کی طرف مائل کر رہے ہیں، جو کہ طبی لحاظ سے انتہائی خطرناک ہے۔ ڈریپ نے انکشاف کیا ہے کہ اس آن لائن کاروبار میں بھارت اور ایران سے اسمگل شدہ ادویات بھی فروخت کی جا رہی ہیں، جن کے معیار کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔

اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات انسانی جسم پر سنگین مضر اثرات مرتب کر سکتی ہیں اور بعض صورتوں میں یہ جان لیوا پیچیدگیوں کا سبب بھی بنتی ہیں۔ ڈرگ قوانین کے تحت کسی بھی دوا کی تشہیر کے لیے ڈریپ سے پیشگی منظوری حاصل کرنا لازمی ہے۔ ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے، ادویات کی ضبطی اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ڈریپ نے ادویات کی قیمتوں سے متعلق وضاحت جاری کر دی

Scroll to Top