آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کے چیف ایگزیکٹو افسر ٹم کُک مستعفی

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف کمپنی ایپل کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ٹم کُک نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد کمپنی میں بڑی انتظامی تبدیلیوں کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، ٹم کُک کے استعفے کے بعد کمپنی کی باگ ڈور سنبھالنے کے لیے نئے نام کا انتخاب بھی کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹم کُک کی جگہ اب کمپنی میں ہارڈوئیر انجینئرنگ کے موجودہ سربراہ جان ٹرنس لیں گے، جو مستقبل میں ایپل کے نئے سی ای او کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ یہ تبدیلی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایپل عالمی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل پکسل 11 کی نئی ٹیکنالوجی: ایپل اور سام سنگ کو پیچھے چھوڑنے کی تیاری

یاد رہے کہ ٹم کُک نے ایپل کے بانی اسٹیو جابز کی وفات کے بعد یہ کلیدی عہدہ سنبھالا تھا اور وہ تقریباً 15 برس تک ایپل کے سی ای او کے طور پر کام کرتے رہے۔ ان کا دورِ اقتدار ایپل کے لیے مالیاتی طور پر انتہائی کامیاب ثابت ہوا۔ تاریخی اعداد و شمار کے مطابق، ٹم کُک کے دور میں کمپنی کی مارکیٹ قدر میں 3.6 ٹریلین ڈالر کا خطیر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ان کی قیادت میں آئی فون سمیت ایپل کی دیگر مصنوعات نے عالمی سطح پر مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور کمپنی کو دنیا کی قیمتی ترین کمپنیوں کی فہرست میں شامل رکھا۔

ایپل کے نئے سی ای او کے طور پر جان ٹرنس کی تقرری کو کمپنی کے اندرونی حلقوں میں اہمیت کی حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ جان ٹرنس طویل عرصے سے ایپل کے ہارڈوئیر انجینئرنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور کمپنی کی جدید مصنوعات کی تیاری میں ان کا کلیدی کردار رہا ہے۔ اب وہ ٹم کُک کی جگہ ذمہ داریاں سنبھال کر کمپنی کے مستقبل کے وژن کو آگے بڑھائیں گے۔

مزید پڑھیں: کن صارفین کی موبائل سمز کسی بھی وقت بند ہو سکتی ہیں؟پی ٹی اے کا انتباہ