لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کا میلہ ایک بار پھر لاہور میں سجنے کو تیار ہے، جہاں تیسرے مرحلے کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ پلے آف مرحلے کے بقیہ تین اسپاٹس پر قبضہ جمانے کے لیے اب 6 ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں بھی لاہور پہنچ چکی ہیں، جہاں اب تمام ٹیمیں میدان مارنے کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ ایونٹ کی صورتحال اب اس نہج پر پہنچ چکی ہے جہاں ہر رن اور ہر وکٹ کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ فائنل فور میں اپنی جگہ یقینی بنانے کے لیے ملتان سلطانز کو اپنے بقیہ 3 میچوں میں سے صرف ایک جیت درکار ہے، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے صورتحال تھوڑی مشکل ہے اور انہیں پلے آف میں پہنچنے کے لیے اپنے بقیہ 3 میں سے کم از کم 2 میچز جیتنا لازمی قرار دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: معاہدے کی خلاف ورزی،سری لنکن کرکٹر پر پی ایس ایل کھیلنے پر ایک سال پابندی عائد
دوسری جانب، حیدرآباد کنگزمین، دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے لیے بقا کی جنگ شروع ہو چکی ہے۔ ان تینوں ٹیموں کو پلے آف کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے اپنے بقیہ تمام میچز جیتنا ہوں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے صورتحال سب سے زیادہ پیچیدہ ہے؛ انہیں نہ صرف اپنے میچز جیتنے ہیں بلکہ دوسری ٹیموں کی ہار کے لیے بھی دعا کرنی ہوگی۔ واضح رہے کہ پشاور زلمی پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے جبکہ راولپنڈیز کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو اب تک 29 میچز مکمل ہو چکے ہیں۔ ناقابل شکست رہنے والی پشاور زلمی 8 میچز میں 7 فتوحات اور ایک میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد 15 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ ملتان سلطانز 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، حیدرآباد، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز سب کے 6، 6 پوائنٹس ہیں، لیکن نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے ان کی پوزیشنز مختلف ہیں۔ راولپنڈیز کی ٹیم اب تک ایک بھی فتح حاصل نہیں کر سکی اور آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔
انفرادی کارکردگی میں پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کا راج ہے۔ سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں کوشل مینڈس 413 رنز کے ساتھ پہلے اور بابر اعظم 401 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ باؤلنگ میں بھی زلمی کے سفیان مقیم 17 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی 13 اور حسن علی 11 وکٹوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔



