پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے مزید ایک ارب ڈالرز کے فنڈ موصول ہو گئے ہیں، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کی توقع ہے۔
اسٹیٹ بینک نے سعودی وزارت خزانہ کی جانب سے ایک ارب ڈالر کے فنڈز موصول ہونے کی تصدیق کر تے ہوئے بتایا کہ یہ رقم سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 3 ارب ڈالرز ڈپازٹ کی دوسری قسط ہے۔ پاکستان کے مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے 15 اپریل کو 2 ارب ڈالر پہلے ہی موصول ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر فنڈز کی یقین دہائی کروائی گئی تھی جو اب مکمل ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودیہ نے پاکستان میں رکھے 3 ارب ڈالر رول اوور کردیے، معاہدے پر دستخط
دوسری جانب، چند روز قبل وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ 5 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ کی بھی سالانہ رول اوور کے بجائے 3 سال کی توسیع ہو جائے گی، جس کے بعد اس کی میچورٹی سالانہ رول اوور کے بجائے 2028ء تک جائے گی۔ معاشی محاذ پر ایک اور اہم پیش رفت یہ ہے کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو گزشتہ ہفتے 2 ارب ڈالر ڈپازٹس 45 کروڑ سود کے ساتھ ادا کیے تھے، جبکہ متحدہ عرب امارات کے ایک مزید ارب ڈالر کی ادائیگی 23 اپریل کو ہونی ہے۔




