مظفرآباد/گلگت: آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی کے فروغ کے لیے ایک بہت بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے تحت دور دراز علاقوں میں تیز ترین 4 جی سروس کی فراہمی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
ایس سی او کی جانب سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 47 نئے 4 جی ٹاورز نصب کیے جا رہے ہیں، جن میں سے 11 ٹاورز پہلے ہی فعال کر کے سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، پہلے سے موجود 4 جی سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے 87 میں سے 53 سائٹس کو جدید ٹیکنالوجی سے اپ گریڈ بھی کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 5G سپیکٹرم کی نیلامی ! تیز ترین انٹرنیٹ اور نئی ٹیکنالوجی کا دور شروع
حکام کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں رابطوں کے نظام کو آسان اور تیز بنانے کا یہ مشن دسمبر 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس منصوبے کا اصل مقصد پہاڑی اور دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا اور رابطے کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔
ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی میں اس بہتری سے خطے میں تعلیم، آن لائن کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے نوجوانوں کو خاصا فائدہ پہنچے گا۔ ایس سی او حکام کا کہنا ہے کہ وہ “ڈیجیٹل پاکستان” کے وژن کے تحت ملک بھر، بالخصوص دور دراز علاقوں میں جدید ترین سہولیات کی فراہمی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔




