تہران/اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کی کوششوں کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب ایران نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور میں شامل نہ ہونے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے دو ٹوک اعلان کر دیا ہے کہ دوسرے دور کے مذاکرات کے لیے ایرانی وفد اب پاکستان نہیں جائے گا۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے بریکنگ نیوز جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران اپنے قومی مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر جاری رکھے گا اور موجودہ حالات میں مذاکرات کا تسلسل اب ممکن نہیں رہا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا نے بحری ناکہ بندی جاری رکھ کر نہ صرف جنگ بندی بلکہ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی مخلصانہ ثالثی کی کوششوں کی بھی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اب بھی غیر حقیقی مطالبات پر اصرار کر رہا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ واشنگٹن سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں کوئی سنجیدہ دلچسپی نہیں رکھتا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا، ایران جنگ: 50 دنوں میں دُنیا کو صرف تیل کی مد میں 50 بلین ڈالر کا ٹیکا
اسماعیل بقائی نے ماضی کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا پہلے بھی معاہدوں کے منافی اقدامات کرتا رہا ہے، اس لیے ایران اب امریکا پر مزید یقین نہیں کر سکتا۔ ایرانی حکام نے اپنے اس فیصلے اور تحفظات سے پاکستانی ثالث کاروں کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ 20 اپریل 2026 کو سامنے آنے والے اس فیصلے نے خطے میں دوبارہ کشیدگی کے سائے گہرے کر دیے ہیں، کیونکہ عالمی برادری کو اسلام آباد میں ہونے والے ان مذاکرات سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں اپریل کے آغاز میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوا تھا، جس کے بعد دنیا بھر میں یہ امید پیدا ہو گئی تھی کہ شاید اب بحیرہ احمر اور آبنائے ہرمز میں جاری جنگ ختم ہو جائے گی۔ تاہم گزشتہ چند دنوں میں صدر ٹرمپ کی جانب سے بحری بیڑے کی مزید تعیناتی اور ایران پر ’پلان بی‘ کے تحت دباؤ بڑھانے کے بیانات نے صورتحال کو خراب کر دیا۔ ایران کا یہ تازہ فیصلہ پاکستان کی ان سفارتی کوششوں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے جنہیں عالمی سطح پر سراہا جا رہا تھا۔ اب سب کی نظریں اسلام آباد پر ہیں کہ کیا پاکستانی قیادت دونوں فریقین کو دوبارہ ایک میز پر لانے میں کامیاب ہو پائے گی یا خطہ ایک بار پھر بڑے پیمانے پر فوجی تصادم کی طرف بڑھے گا۔




