امریکی ٹی وی چینل سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی کوششوں کے سلسلے میں ایرانی مذاکراتی ٹیم منگل کے روز پاکستان پہنچنے کا امکان ہے ۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ وہی وفد ہوگا جو پہلے مرحلے میں ہونے والے مذاکرات میں بھی شریک رہا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بات چیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خلیج عمان میں ایرانی جہاز پر قبضہ،امریکی بحریہ نے ویڈیو جاری کردی
امریکی میڈیا کے مطابق مذاکرات کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا اور کسی ممکنہ سمجھوتے کی طرف پیشرفت کرنا ہے۔
ایرانی فریق کو امید ہے کہ بدھ کے روز جنگ بندی میں توسیع سے متعلق علامتی مشترکہ اعلان سامنے آ سکتا ہےتاہم اس حوالے سے حتمی پیش رفت دونوں فریقین کے موقف پر منحصر ہوگی۔
سی این این کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھتے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کے دورے پر رضامند ہو جاتے ہیں تو ایرانی صدر کے بھی پاکستان آنے کا امکان ہےاور ایسی صورت میں دونوں رہنما ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کر سکتے ہیں۔
اس وقت تک ایران کی جانب سے کسی باضابطہ وفد کی پاکستان روانگی کی تصدیق نہیں کی گئی ہے، جس سے اس پیش رفت کے بارے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد مذاکرات میں معاہدہ نہ کیا تو پورا ایران تباہ ہو جائے گا،ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی یہ بیان دے چکے ہیں کہ ان کے نمائندے مذاکرات کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ سفارتی رابطے جاری ہیں۔
یاد رہے کہ پہلے مرحلے میں ایران کی طرف سے ایرانی سپیکر باقرقالیباف نے مذاکراتی ٹیم کی قیادت کی تھی جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے امریکی ٹیم کی قیادت کی تھی۔




