حکومت

بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے حکومت نے اہم اقدامات شروع کر دئیے

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)حکومت نے ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب اور متوقع شارٹ فال کے پیش نظر بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے اہم اقدامات شروع کر دئیے ہیں ۔

نجی ٹی وی کی رپورٹس کے مطابق  پاور ڈویژن نے اس سلسلے میں پٹرولیم ڈویژن کو باقاعدہ خط ارسال کیا ہے، جس میں ایل این جی (مائع قدرتی گیس) کی فوری فراہمی کی درخواست کی گئی ہے ۔

رپورٹس کے مطابق پاور ڈویژن نے بجلی کی مسلسل پیداوار کو یقینی بنانے کے لیے 400 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس کی بڑی وجہ موسم گرما میں درجہ حرارت میں اضافہ اور بجلی کی طلب میں متوقع تیزی ہے، جس کے باعث شارٹ فال بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ایل این جی کی فراہمی نہایت ضروری ہو چکی ہے، کیونکہ اگر ایل این جی سے چلنے والے پاور پلانٹس کو بروقت فعال نہ کیا گیا تو بجلی کا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ناقص میٹریل کا استعمال،سرگن پراجیکٹ کا واٹر چینل جواب دے گیا، 3دنوں سے بجلی بند

مزید بتایا گیا ہے کہ ایل این جی سے چلنے والے پاور پلانٹس تقریباً 6 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

ماہرین کے مطابق ایل این جی کے ذریعے بجلی کی پیداوار ڈیزل اور فرنس آئل کے مقابلے میں نسبتاً کم لاگت پر ممکن ہے ۔ اسکے برعکس اگر ایل این جی دستیاب نہ ہوئی تو ملک کو مہنگے ایندھن، خصوصاً ڈیزل، پر انحصار کرنا پڑے گا، جس سے بجلی کی لاگت میں اضافہ ہوگا ۔

ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ اس صورتحال کا براہِ راست اثر صارفین پر پڑ سکتا ہے، کیونکہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔

پاور ڈویژن نے آئندہ ہفتوں کے لیے طلب و رسد کا تخمینہ بھی تیار کر لیا ہے، جبکہ کے الیکٹرک نے بھی اپنی ضروریات سے آگاہ کر دیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت کا پاور سیکٹر ملازمین کیلئے مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ

مزید برآں، پٹرولیم ڈویژن کو قطر سے فوری ایل این جی کارگوز کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ بجلی کی پیداوار کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

Scroll to Top