باغ میونسپل کارپوریشن کی ہڑتال: میئر عبدالقیوم بیگ کی وزیر حکومت پر کڑی تنقید

باغ (کشمیر ڈیجیٹل ): میئر میونسپل کارپوریشن باغ، میجر (ر) عبدالقیوم بیگ نے شہر میں ترقیاتی فنڈز کی بندش اور حکومتی مداخلت کے خلاف سخت ردعمل دیتے ہوئے کل 20 اپریل 2026 سے شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے تمام امور معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راجہ سدھیر اکبر، چوہدری سہیل ممتاز، صداقت زمان اور دیگر کونسلرز کے ہمراہ ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میئر باغ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ “باپ کی جیب سے سارے پیسے نہیں دے سکتے، حکومت نے جان بوجھ کر مالیاتی امپوز کیا ہے جس کے باعث ہم صبح سے صفائی کا کام روک رہے ہیں۔” انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر حکومت سردار ضیاء القمر کو بارہا تعاون کی پیشکش کی گئی تاکہ 2 لاکھ سے زائد آبادی کے لیے بنائے گئے میگا پراجیکٹس کو مکمل کیا جا سکے، مگر وزیر حکومت کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ ایک کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبے گزشتہ دو ماہ سے بند ہیں، جو باغ کی عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ریڈ زون سیل: غیر ملکی وفود کی آمد پر متبادل ٹریفک پلان جاری

عبدالقیوم بیگ نے مزید کہا کہ جب انہوں نے ادارہ سنبھالا تو یہ ڈیڑھ کروڑ کا مقروض تھا، لیکن ہم نے اسے فعال بنایا۔ اب حکومت انتخابات کے پیش نظر فنڈز روک کر اداروں کو مفلوج کرنا چاہتی ہے اور اداروں کو اپنی “لونڈی” بنانا چاہتی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عدلیہ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری بلدیات سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مافیاز نے شہر کی اہم جگہوں پر قبضے کر رکھے ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے شہریوں، تاجروں اور وکلاء پر مشتمل کمیٹی بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ میرا بھی احتساب کریں اور پچھلے 40 سال کا بھی ریکارڈ سامنے لایا جائے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں سونے کی قیمتوں کی تازہ ترین اپ ڈیٹ آگئی

Scroll to Top