پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 153 ویں پی ایم اے لانگ کورس اور 38 ویں ٹیکنیکل گریجوایٹ کورس کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں کیڈٹس نے اپنی تربیت کی تکمیل پر شاندار مظاہرہ کیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے، جنہوں نے چاق و چوبند دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا۔ پریڈ کے دوران بارش شروع ہو گئی، تاہم کیڈٹس نے غیر معمولی جذبے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے پریڈ جاری رکھی اور مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان مذاکرات پر یقین رکھنے والا پرامن ملک ہے، لیکن کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے دوست ممالک کے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور کیڈٹس میں خواتین کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی دنیا کی بہترین درسگاہوں میں سے ایک ہے۔ ایئر چیف نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بنیادی ذمہ داری ملک کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل، تصفیہ طلب مسائل کے پرامن حل پر زور
انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق اور بنیان المرصوص میں پاکستان آرمی کی حکمت عملی کو پوری دنیا نے دیکھا۔ پاکستان ایئرفورس نے نہ صرف دشمن کے جہاز گرائے بلکہ تاریخ رقم کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مئی میں دشمن پاکستان کی طاقت اور ہنرمندی دیکھ کر دنگ رہ گیا تھا، اور واضح کیا کہ پاکستان کی دھرتی پر کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان عالمی تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے پر یقین رکھتا ہے۔
ایئر چیف مارشل نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بھارت کے زیر قبضہ کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت ان کے لیے اعزاز ہے اور پی ایم اے میں باصلاحیت انسٹرکٹرز نوجوانوں کی بہترین تربیت کر رہے ہیں۔ تقریب میں 72ویں انٹیگریٹڈ کورس، 15ویں مجاہد کورس اور 27ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئے۔ ان میں سری لنکا، عراق، فلسطین، قطر، مالدیپ، مالی اور نیپال سے تعلق رکھنے والے 30 غیر ملکی کیڈٹس بھی شامل تھے، جو پاک فوج کے تربیتی معیار پر عالمی اعتماد کا ثبوت ہے۔ ایئر چیف نے اپنے خطاب کا اختتام “پاکستان آرمی زندہ باد، پاکستان پائندہ باد” کے نعروں سے کیا۔




