روس نے بڑھتی ہوئی لیبر کی کمی کے پیشِ نظر غیرملکی کارکنوں کو متوجہ کرنے کے لیے ایک نیا ڈیجیٹل پروگرام شروع کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق روسی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس سروس کے ذریعے غیرملکی شہری ملک میں رہائش اور ملازمت کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔یہ اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کینیڈا میں ملازمت اور مستقل رہائش ، پاکستانیوں سے درخواستیں طلب
روس کو یوکرین کی جنگ کے آغاز کے بعد مختلف شعبوں میں افرادی قوت کی شدید کمی کا سامنا ہے، جہاں لاکھوں افراد فوج میں شامل ہو چکے ہیں جبکہ دفاعی صنعتوں نے بھی بڑی تعداد میں کارکنوں کو اپنی جانب کھینچ لیا ہے، جس سے شہری اداروں میں خلا پیدا ہوا۔
سنہ2022 سے اب تک روس سے بڑی تعداد میں افراد ملک چھوڑ کر بھی جا چکے ہیں، جس کی وجہ جنگ کے بعد سخت سیاسی کنٹرولز اور پابندیاں قرار دی جا رہی ہیں۔
⚡️Russia launched a digital service for submitting applications from foreigners who want to live & work in the country — #TimeToLiveInRussia 🇷🇺
The key requirement:
• in-demand skills & expertise;
• respect for traditional Russian values.Learn more: https://t.co/W9aZEhV9G6 pic.twitter.com/8Tg48fOAK9
— MFA Russia 🇷🇺 (@mfa_russia) April 15, 2026
پروگرام ’ٹائم ٹو لِو اِن رشیا‘ کا مقصد ایسے غیرملکی افراد کو راغب کرنا ہے جو مطلوبہ مہارت رکھتے ہوں اور روسی روایتی اقدار کا احترام کرتے ہوں، تاہم وزارتِ خارجہ کی جانب سے دیے گئے ویب لنک پر بدھ کو تکنیکی مسائل سامنے آئے۔
اس پروگرام کے تحت سائنس دان، کاروباری افراد، کھلاڑی، تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد، باصلاحیت طلبہ و گریجویٹس، سرمایہ کار اور دیگر ماہرین درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:انٹارکٹکا میں ملازمت کے مواقع، تنخواہ ایک کروڑ 17 لاکھ روپے سالانہ مقرر
درخواست دہندگان کو ایک درخواست فارم اور مختصر سی وی جمع کروانا ہوگا، اپنی اہلیت کے ثبوت فراہم کرنا ہوں گے، آن لائن انٹرویو دینا ہوگا اور پھر فیصلہ آنے کا انتظار کرنا ہوگا، جس کے لیے زیادہ سے زیادہ 125 دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
کامیاب درخواست دہندگان کو ایک ذاتی منیجر فراہم کیا جائے گا جو ویزہ، سرحدی کارروائیوں اور رہائش کے انتظامات میں مدد کرے گا۔




