یوگنڈا کے آرمی چیف کے ترکیہ سے انوکھے مطالبات، دھمکی بھی دیدی

افریقی ملک یوگنڈا کے صدر یوویری موسیونی کے بیٹے اور فوج کے سربراہ جنرل مہوزی کائنروگابا نے ترکیہ سے ایک ارب ڈالر اور شادی کے لیے ’خوبصورت ترین خاتون‘ کا غیر معمولی مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو یوگنڈا 30 دن کے اندر ترکیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دے گا۔

یہ بھی پڑھیں: تل ابیب میں ہزاروں افراد سڑکوں پر، ترکیہ نے نیتن یاہو کو ’وارنٹ یافتہ مجرم‘ قرار دے دیا

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ پیغامات میں یوگنڈا کے فوجی سربراہ نے دعویٰ کیا کہ ترکیہ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے بھاری منافع کما رہا ہے، جب کہ ان منصوبوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کی بھاری ذمہ داری کئی سالوں سے یوگنڈا اٹھا رہا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق یوگنڈا نے تقریباً دو دہائیوں سے افریقی یونین مشن کے تحت القاعدہ سے منسلک عسکریت پسند گروپ ’الشباب‘ کے خلاف کارروائیوں کے لیے صومالیہ میں اپنے فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔

جنرل مہوزی کا کہنا تھا کہ خطے میں سکیورٹی کی فراہمی پر یوگنڈا کی کوششوں کا اعتراف نہیں کیا گیا اور ترکیہ کی جانب سے مالی معاوضہ ادا کیا جانا بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے لیے ایک سادہ سا سودا ہے کہ یا تو وہ ’ایک ارب ڈالر‘ ادا کرے یا پھر ان کا سفارت خانہ بند کر دیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ جوابی کارروائی کے طور پر یوگنڈا کا سفارت خانہ بند کر سکتا ہے، جس سے انہیں کوئی مسئلہ نہیں۔

مہوزی کائنروگابا نے یہ بھی دھمکی دی کہ بہت جلد ترکیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر دئیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی برادری کو ایران جنگ ختم کرانے کی کوششیں دُگنا کرنا ہوں گی : ترک صدر

انہوں نے یوگنڈا کے شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے پیش نظر ترکیہ کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

یوگنڈا کے آرمی چیف نے اپنے پیغامات میں اسرائیل کی کھلی حمایت کا اعلان بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیل کی حفاظت کے لیے اپنی کمان میں یوگنڈا کے ایک لاکھ فوجی اسرائیل بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔

یاد رہے کہ جنرل مہوزی کائنروگابا کی جانب سے اس طرح کے غیر روایتی بیانات کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ ان کا سوشل میڈیا ہینڈل عجیب و غریب تبصروں اور غیر سنجیدہ بیانات سے بھرا پڑا ہے۔

Scroll to Top