اسلام آباد :وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سردار تنویر الیاس خان سے انکی رہائشگاہ پرجا کر اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: خواجہ فاروق کا وزیراعظم فیصل راٹھور سے اظہار تشکر، بڑے مطالبات بھی کر دیئے
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار اور ثالثی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں جو مقام ملا اس پر پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے، حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں پاکستان نے جو کردار ادا کیا اس پر کشمیریوں کو فخر ہے۔ ایک مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور کے آبائی حلقہ کیلئے تاریخی منصوبے منظور
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور تیاری اور عوامی حمایت کے ساتھ میدان میں اترے گی اور کامیابی حاصل کریگی۔




