اسلام آباد مذاکرات نے سفارتی عمل کی بنیاد رکھ دی، ایرانی سفیر

اسلام آباد:پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نےکہا ہےکہ اسلام آباد مذاکرات ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے، اسلام آباد مذاکرات نے ایک سفارتی عمل کی بنیاد رکھی ہے۔

ایکس پر جاری پیغام میں ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ اگر باہمی اعتماد اور ارادہ مضبوط کیا جائے تو یہ عمل فریقین کے مفادات کے لیے پائیدار فریم ورک تشکیل دے سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معاہدہ دسترس سے باہر نہیں ، مسعود پزشکیان کا ٹرمپ کو پیغام

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ میں برادر اور دوست ملک پاکستان کا خصوصاً وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے خیرسگالی اور سہولت کاری کے جذبے کے تحت ان مذاکرات کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

ایرانی سفیر نے پاکستانی حکومت، فوج، پولیس اور سکیورٹی اداروں سمیت تمام شعبوں کی انتھک کوششوں کو بھی سراہا جس کے باعث یہ مذاکرات ایک باوقار اور موزوں ماحول میں منعقد ہوئے۔

رضا امیری مقدم کے مطابق مذاکرات میں دونوں فریقوں کو مساوی سہولیات فراہم کی گئیں اور ایک پُرامن، منظم اور محفوظ فضا کو یقینی بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز اور جوہری پروگرام پر ڈیڈ لاک: ایرانی وزارتِ خارجہ نے مذاکرات کی ناکامی کی وجوہات بتا دیں

ان کا کہنا تھا کہ ایران کی اعلیٰ سطح مذاکراتی ٹیم نے وقار، خود اعتمادی اور اللہ تعالیٰ پر ایمان کے ساتھ اور عوام کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے عظیم ایرانی قوم کے لیے باوقار انداز میں مذاکرات کیے تاکہ قومی مفادات اور عوام کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top