درخواست دائر

کوٹہ کیس : حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر سپریم کورٹ میں فوری سماعت کیلئے درخواست دائر

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) کوٹہ کیس میں حکومت نے سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر میں فوری سماعت کی درخواست دائر کر دی ہے ۔

ایڈووکیٹ جنرل آزاد جموں و کشمیر کے ذریعے جمع کروائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کیس حساس نوعیت کا حامل ہے جبکہ اس کی آئندہ سماعت کیلئے طویل تاریخ مقرر ہے، لہٰذا فوری سماعت کی جائے۔ درخواست کی منظوری یا مسترد کرنے سے متعلق فیصلہ عدالت میں پیشی کے بعد کیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ عدالتِ عظمیٰ آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے گریڈ 1 تا 15 کی تقرریوں کے خلاف عبوری حکم امتناعی تاحال برقرار ہے، جس کے باعث سرکاری اداروں میں جاری بھرتیوں کا عمل معطل ہے ۔

کوٹہ کیس کی آئندہ سماعت 30 اپریل مقرر کی گئی ہے جبکہ اس سلسلے میں عدالت عظمیٰ میں 17 اپیلیں دائر کی جا چکی ہیں جو تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عدلیہ مہاجرین جموں وکشمیر کے کوٹہ سے متعلق کیس انسانی ہمدردی کے طور پر حل کرے، سردار مختار خان

یہ معاملہ اسوقت عدالت عظمیٰ کے روبرو آیا جب ہائیکورٹ آزاد جموں و کشمیر کے 16 اگست 2025 کے فیصلے کیخلاف اپیلیں دائر کی گئیں، جن میں سرکاری ملازمتوں کیلئے کوٹہ سسٹم کے خاتمے کا حکم دیا گیا تھا ۔

اپیل کنندگان نے مؤقف اختیار کیا کہ کوٹہ سسٹم کا خاتمہ مختلف طبقات کے حقوق کو متاثر کر سکتا ہے اور اس حوالے سے مزید قانونی وضاحت ضروری ہے ۔

ابتدائی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے دلائل سننے کے بعد عبوری طور پر گریڈ 1 سے 15 تک کی تمام غیر جریدہ آسامیوں پر تقرریوں کو روکنے کا حکم جاری کیا اور فریقین کو نوٹسز بھی جاری کیے۔ عدالتی حکم کے نتیجے میں مختلف سرکاری محکموں میں جاری اور مجوزہ بھرتیوں کا عمل رک چکا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ارکان پارلیمنٹ کو فری حج کرانے کی تجویزہے نہ کسی کا کوٹہ،سردار محمد یوسف

یاد رہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد سے سرکاری ملازمتوں میں تقرری کے طریقہ کار پر قانونی و انتظامی سطح پر بحث جاری تھی، جبکہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس کے باعث اس معاملے کی حساسیت مزید بڑھ گئی ہے ۔

Scroll to Top