برازیل ویمنز کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر لورا کارڈوسو نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جسے مستقبل میں توڑنا انتہائی مشکل تصور کیا جا رہا ہے۔
لیسوتھو ویمنز ٹیم کے خلاف کھیلے گئے میچ میں لورا کارڈوسو نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 4 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے بڑی شراکت داری کا ریکارڈ قائم
اس غیر معمولی کارکردگی کے ساتھ وہ ٹی 20 انٹرنیشنل کی ایک اننگز میں 9 وکٹیں لینے والی دنیا کی پہلی کرکٹر بن گئی ہیں۔
ان کی یہ پرفارمنس نہ صرف میچ کا رخ بدلنے کا باعث بنی بلکہ کرکٹ کی تاریخ میں بھی سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔
اس سے قبل ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ مردوں میں سونم یشی کے پاس تھا، جنہوں نے 2025 میں 8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
خواتین کرکٹ میں یہ اعزاز روحمالیا کے پاس تھا، جنہوں نے 7 وکٹیں لے کر ریکارڈ بنایا تھا۔ تاہم لورا کارڈوسو نے ان تمام ریکارڈز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔
میچ میں برازیل ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 202 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیاجواب میں لیسوتھو کی ٹیم لورا کارڈوسو کی شاندار بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم محض 13 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل11،پشاور زلمی نے منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
یوں برازیل نے یہ میچ 189 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا، جو خود بھی ایک نمایاں کامیابی ہے۔ لورا کارڈوسو کی اس یادگار کارکردگی نے نہ صرف ان کی ٹیم کو فتح دلائی بلکہ انہیں عالمی سطح پر شہرت بھی دلا دی ہے۔




