وزیراعظم

ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ،عوامی ریلیف کے اقدامات کررہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے ایندھن کے مناسب ذخائر کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے مختلف پالیسیوں پر عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے یہ بات پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کے نفاذ سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اور متعلقہ حکام شریک ہوئے جبکہ انٹیلی جنس بیورو نے حکومتی کفایت شعاری اور سادگی مہم پر تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔

حکام کی جانب سے سبسڈی پروگرام کی پیشرفت، ملک میں ایندھن کے دستیاب ذخائر اور مجموعی کھپت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔

وزیراعظم نے بتایا کہ عوامی ریلیف کے اقدامات کے تحت مختلف ٹرانسپورٹ شعبوں کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے ۔ اس سلسلے میں مسافر بسوں کیلئے 1 لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی مقرر کی گئی ہے ۔

منی بسوں اور ویگنوں کو 40 ہزار روپے ماہانہ د ئیے جا رہے ہیں۔ مال بردار گاڑیوں کیلئے 80 ہزار روپے اور ڈیلیوری وینوں کیلئے 35 ہزار روپے ماہانہ مختص کیے گئے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اپنا گھر بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرض، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان

انہوں نے بتایا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنےکیلئے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جا رہی ہے ، اور شفافیت کو یقینی بنانےکیلئے تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جا رہی ہیں ۔

وزیراعظم نے بلوچستان حکومت کی جانب سے قومی پیکیج کے لیے فنڈز جمع کرانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ دیگر صوبے بھی جلد اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکیج فراہم کیا جا چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے پیٹرول لیوی میں فی لیٹر 80 روپے کمی کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں پاکستان ریلوے کی جانب سے 6 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے اور مسافر و مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف باصلاحیت، سنجیدہ اور معاملہ فہم رہنما ہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ

وزیراعظم کا مزیدکہنا تھا کہ موجودہ چیلنجنگ حالات میں حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔

Scroll to Top