اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں دو نئے رہائشی سیکٹرز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد سرکاری افسران اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی بڑھتی ہوئی ہاؤسنگ ضروریات کو پورا کرنا ہے ۔
حکام کے مطابق سیکٹر F-12 اور G-12 کو رواں ماہ عوام کے لیے لانچ کیا جائے گا ۔ ہاؤسنگ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ F-12 کا لے آؤٹ پلان مکمل ہو چکا ہے اور رہائشی منصوبے کی تیاری کی تمام تر کارروائیاں مکمل ہو گئی ہیں، جبکہ G-12 کے لے آؤٹ پلان پر کام تیزی سے جاری ہے اور اسے بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مشیر وزیراعظم سردار یاسر الیاس نے پاکستان ٹریول مارٹ کا افتتاح کردیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈ نے گزشتہ ماہ دونوں منصوبوں کی منظوری دی تھی، جس کے بعد ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد شروع کیا گیا ۔ وفاقی وزیر کی ہدایت پر F-14 اور F-15 سیکٹرز میں بھی ترقیاتی کام شروع کر دیے گئے ہیں، تاکہ مستقبل میں شہریوں کے لیے رہائش کے مزید مواقع دستیاب ہو سکیں ۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ منصوبے نہ صرف رہائشی سہولیات میں اضافہ کریں گے بلکہ شہر کی توسیع اور بڑھتی ہوئی آبادی کے مطابق بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو بھی پورا کریں گے ۔ نئے سیکٹرز میں رہائشی یونٹس، سڑکیں، پارک، اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو معیاری زندگی میسر ہو ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خبردار !بھارت ایسی کوئی حرکت نہ کرے ورنہ کلکتہ تک پھینٹی لگائیں گے،خواجہ آصف
توقع ہے کہ نئے سیکٹرز کی لانچ کے بعد اسلام آباد کے شہری علاقوں میں رہائش کے متبادل دستیاب ہوں گے اور شہری آبادی کو بہتر رہائش فراہم کرنے میں مدد ملے گی ۔ حکومت کا یہ اقدام نہ صرف موجودہ ہاؤسنگ بحران کا حل پیش کرے گا بلکہ طویل مدت میں شہر کی ترقی اور رہائشی معیار کو بھی فروغ دے گا ۔




