محکمہ جنگلات: سکیل 1 تا 18 کےتمام ملازمین کی تقرریاں منسوخ، نوٹیفکیشن جاری

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)حکومت آزاد جموں و کشمیر نے محکمہ جنگلات میں گریڈ 1 تا 18 کے ملازمین کی ایکٹنگ، کرنٹ چارج اور ایڈیشنل چارج بنیادوں پر کی گئی تمام تعیناتیاں منسوخ کر دیں۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام عدالتِ عظمیٰ آزاد کشمیر کے مقدمہ بعنوان فہد ابرار و دیگر بنام آزاد حکومت و دیگر میں دی گئی واضح ہدایات کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن : کشمیر لبریشن لیگ دوبارہ بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ محکمہ جنگلات میں سکیل 1 تا 18 کے وہ تمام ملازمین، جنہیں کرنٹ چارج، ایکٹنگ چارج یا ایڈیشنل چارج کی بنیاد پر تعینات کیا گیا تھا ان کی تعیناتیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

حکومتی فیصلے کے تحت اب اسسٹنٹ کنزرویٹر جنگلات (بی-17) کی براہِ راست کوٹہ کی 13 اور رینج آفیسر (بی-16) کی براہِ راست کوٹہ کی 58 اسامیوں پر ازسرِ نو عارضی انتظام کیا جائے گا۔ تاہم ان اسامیوں کی ریکوزیشن پبلک سروس کمیشن (PSC) کو بھیجی جا چکی ہے اور اس حوالے سے معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راج ناتھ کی دھمکیاں نئی نہیں، معرکہ حق تازہ، اگلی بار ہمارا ردعمل اور بھی مضبوط اور فیصلہ کن ہوگا،خواجہ آصف

نوٹیفکیشن کے مطابق ترقیابی کوٹہ کی تمام اسامیوں پر تقرریاں متعلقہ قواعد و ضوابط اور سنیارٹی کی بنیاد پر عمل میں لائی جائیں گی تاکہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا مقصد محکمہ جنگلات میں غیر مستقل اور عارضی بنیادوں پر کی گئی تعیناتیوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ سروس اسٹرکچر کو قانونی تقاضوں کے مطابق منظم کرنا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:‘زمینی کارروائی کی تو ایک بھی دشمن فوجی زندہ نہیں بچے گا’، ایرانی آرمی چیف کی امریکا کو سخت وارننگ

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف میرٹ کی بالادستی کو فروغ ملے گا بلکہ سرکاری محکموں میں تقرریوں کے طریقہ کار کو بھی مزید شفاف بنایا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ آزاد کشمیر نے اپنے فیصلے میں ہدایت کی تھی کہ سرکاری محکموں میں ایکٹنگ، کرنٹ چارج اور ایڈیشنل چارج کی بنیاد پر تعیناتیوں کو محدود کیا جائے اور مستقل تقرریاں صرف مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت کی جائیں۔ اسی تناظر میں حکومت نے محکمہ جنگلات میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے۔

Scroll to Top