مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر فوڈ اتھارٹی کے حوالے سے چند عناصر کی طرف سے مسلسل بے بنیاد اور خلافِ حقائق منفی پروپیگنڈہ کی سختی سے تردید کرتے ہوئے وضاحت جاری کردی۔
آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کیلئے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کا قیام چاروں صوبوں اور اسلام آباد کی فوڈ اتھارٹیز کی طرز پر عمل میں لایا گیا ہے۔
بنیادی طور پر موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب On spot سکریننگ کیلئے ہوتی ہے۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں استعمال کیلئے جو Equipments خرید کیے گئے اس کیلئے قائم کمیٹی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی اور KP فوڈ اتھارٹی کے تکنیکی ماہرین بھی شامل تھے جو ٹینڈر پراسیس مکمل ہونے تک عملی معاونت کرتے رہے۔
موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں نصب آلات میں سے زیادہ تر آلات بیرونِ ملک سے Import کیے گئے ہیں ان آلات کو موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں نصب کئے جانے سے قبل ان کے ٹیسٹ رن کیے گئے اور نصب ہونے کے بعد ایک موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی PCSIR سے Calibration کروائی گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام گڑھ: پولیس کی کامیاب کارروائی،10 تولے سونا،20ہزار نقدی برآمد،ملزمان گرفتار
آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کے ریگولیشنز کے مطابق جب کوئی سیمپل بھیجا جاتا ہے تو ایک سیمپل فوڈ اتھارٹی اپنے پاس رکھتی ہے ایک سیمپل فوڈ بزنس آپریٹر کے پاس بطور ریفرنس رکھا جاتا ہے۔
دودھ کے جن سیمپلز کا تذکرہ گزشتہ دن سے سوشل میڈیا کے ذریعے کیا جا رہا ہے ان کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے کہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب سے کون سے سیمپلز ٹیسٹ کروائے گئے ۔
جبکہ آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی نے اکثر سیمپلز On spot testing کے بعد وہی سیمپل جب PCSIR لاہور کو بھیجے تو ان کے رزلٹ میں مماثلت پائی گئی۔
آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کا قیام چند سال قبل عمل میں لایا گیا ہے۔ اور موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز تقریباً 14 ماہ سے Functional ہوئی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بیٹھک :حکومتی ہدایات نظرانداز ،نجی سکول طلباء کو لوٹنے لگے، کتابیں اور کاپیاں مہنگے داموں فروخت
اس عرصہ کے بعد آج تک فوڈ اتھارٹی کی جانب سے 11689 فوڈ بزنس آپریٹرز کی رجسٹریشن عمل میں لائی گئی، غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر -/21,295,789 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
علاوہ ازیں کروڑوں روپے مالیت کی اشیاء خوردونوش کو تلف کیا گیا غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری اشیاء جو بیرونِ آزاد کشمیر سے ٹرانسپورٹ کی جاتی تھیں کے ترسیل اور پڑتال کا موثر طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔
فوڈ اتھارٹی اپنے ارتقائی مراحل میں ہے جس میں مرحلہ وار فوڈ ٹیسٹنگ میکنزم کو جدت کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی غیر معیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف بلا تفریق اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
آزاد کشمیر میں غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز اور بالخصوص پانی اور دودھ بیچنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف کارروائی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔
فوڈ اتھارٹی قانونی مینڈیٹ کے تحت حسبِ ضابطہ عوام الناس کو ملاوٹ سے پاک اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے لئے کوشاں رہے گی۔




