راولاکوٹ(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ موسمیات اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ریاست بھر کیلئے موسمی ایڈوائزری جاری کردی ۔
ایڈوائزی کے مطابق یکم اپریل تا 10 اپریل 2026 کے دوران پونچھ ڈویژن میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہوائیں، گرج چمک، ژالہ باری، اور بلند و پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، فلیش فلڈ اور برفباری/برفانی تودوں کے خطرات متوقع ہیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر عوام الناس، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو درج ذیل ہدایات جاری کی جاتی ہیں
عوام الناس کیلئے ہدایات:
غیر ضروری سفر خصوصاً پہاڑی اور لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں سے گریز کریں۔تیز بارش اور آندھی کے دوران محفوظ مقامات (مضبوط عمارتوں) میں رہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیںخیبر پختونخوا کے سب سے بڑے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’پختون ڈیجیٹل ‘‘کو صوبائی حکومت کے دبائو کا سامنا
ندی نالوں، دریا کناروں اور کمزور پلوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں۔آسمانی بجلی کے دوران کھلے میدانوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔
گھروں کی چھتوں، سولر پینلز، اور ڈھیلے ڈھانچوں کو مضبوط کریں۔
ضلعی انتظامیہ کیلئے ہدایات
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز (DEOCs) کو فعال رکھ کر 24 گھنٹے نگرانی یقینی بنائیں۔
حساس علاقوں کی نشاندہی کر کے پیشگی حفاظتی اقدامات کریں۔عوامی آگاہی مہمات کے ذریعے ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہی فراہم کریں۔
ندی نالوں اور ڈرینج سسٹم کی صفائی یقینی بنائیں تاکہ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ نہ ہو۔سڑکوں، پلوں اور انفراسٹرکچر کا معائنہ کر کے بروقت مرمت یقینی بنائیں۔
محکمہ پولیس کیلئے ہدایات:
خطرناک اور متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی کو متبادل محفوظ راستوں کی طرف منتقل کریں۔
ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس اور عوام کی رہنمائی کو یقینی بنائیں۔سیاحتی مقامات پر سیکیورٹی اور معلوماتی معاونت فراہم کریں۔
ریسکیو 1122 اور دیگر ایمرجنسی سروسز:
ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے عملہ، ایمبولینسز اور ضروری آلات ہمہ وقت تیار رکھیں۔حساس مقامات پر فوری رسپانس ٹیمیں تعینات کریں۔
کسی بھی حادثہ یا قدرتی آفت کی صورت میں فوری کارروائی اور ریسکیو آپریشن یقینی بنائیں۔
دیگر عمومی ہدایات:
تمام متعلقہ ادارے آپس میں مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کو یقینی بنائیں۔
کسان حضرات فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال یا نقصان کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دی جائے۔
یہ الرٹ عوام الناس کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر جاری کیا جا رہا ہے۔ تمام متعلقہ ادارے اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔




