اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے وزرائے خارجہ اجلاس میں ایران امریکا جنگ رکوانے کے لیے تجاویز کو حتمی شکل دیدی گئی ۔
وزارت خارجہ میں چار ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی، اجلاس میں ایران امریکا جاری جنگ رکوانے کے لئے مختلف تجاویز پر مشاورت کی گئی، شرکاء نے ایران امریکا جنگ رکوانے کیلئے تجاویز کو حتمی شکل دے دی ۔
بعدازاں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے ۔
اعلامیہ کے مطابق اس خوشگوار اور دوستانہ ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا ، وزیر اعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے اپنے پرتپاک نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز السعود کے لیے بھی نیک خواہشات کا پیغام دیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا
وزیر اعظم نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے موجودہ بحران کے دوران سعودی عرب کی جانب سے اختیار کردہ قابلِ تعریف تحمل کو سراہا اور ولی عہد کے ساتھ اپنی حالیہ گفتگوؤں کا بھی ذکر کیا جن میں 12 مارچ کو جدہ میں ہونے والی ملاقات شامل ہے ۔
وزیر اعظم نے موجودہ بحران کے دوران پاکستان کی وسیع سفارتی کوششوں سے بھی سعودی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا، جن میں کشیدگی کم کرنے اور امریکا و ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کاوشیں شامل ہیں ۔
مسلم اُمہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس نازک وقت میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔
سعودی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خطے کی موجودہ صورتحال پر سعودی مؤقف سے آگاہ کیا، پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنے مؤقف میں قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی پرچم بردار مزید20 جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت مل گئی،اسحاق ڈار
ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات کے بعد وزیر اعظم کی جانب سے چار فریقی وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا، تمام وزرائے خارجہ عشائیہ میں شرکت کے بعد آج ہی اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہو جائیں گے ۔




