حج 2026 کے عازمین کے لیے وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے ایک اہم ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق اب تمام عازمین کے لیے ‘پاک حج ایپ’ پر میڈیکل فارم بھرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق، پاک حج ایپ پر ایک خصوصی طبی سوالنامہ جاری کیا گیا ہے جسے عازمین کو رواں ہفتے جمعہ تک مکمل کرنا ہوگا۔ اس سوالنامے میں عازمینِ حج کو مختلف امراض سے متعلق “ہاں” یا “ناں” میں جوابات دینے ہوں گے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد عازمینِ حج کو دورانِ حج مربوط اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رواں برس پہلی حج پرواز کب روانہ ہوگی؟مکمل شیڈول جاری
اس طبی فارم میں عازمین سے بلڈ پریشر، امراضِ قلب، شوگر، دمہ، گٹھیا اور تھائی رائیڈ جیسے امراض کے بارے میں معلومات طلب کی گئی ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ان معلومات کی فراہمی سے عازمین کو سعودی عرب میں قیام کے دوران ان کی صحت کے مطابق بروقت طبی امداد دی جا سکے گی۔
مزید برآں، پاک حج موبائل ایپ میں حج ویزہ پرنٹ کرنے کا لنک بھی شامل کر دیا گیا ہے، جبکہ عازمین کی سہولت کے لیے حج پروازوں کا مکمل شیڈول بھی ایپ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ ترین اعلانات اور نئی معلومات کے لیے پاک حج موبائل ایپ کو باقاعدگی سے دیکھتے رہیں کیونکہ ایپ پر مرحلہ وار مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔




