افواجِ پاکستان کے خلاف منظم اور منفی پروپیگنڈا کرنے والے بھارتی نیٹ ورک کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اور حساس خبر سامنے آئی ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا جعلی ’ایکس‘ (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ ’باہوت بلوچ‘ مستقل طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ اکاؤنٹ مکمل طور پر بیرونی عناصر کے زیرِ اثر چلایا جا رہا تھا جس کا واحد مقصد گمراہ کن معلومات، جھوٹی خبروں اور اشتعال انگیز مواد کی مسلسل ترسیل کرنا تھا۔ تحقیقات کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا کہ اس اکاؤنٹ کو ایک منظم نیٹ ورک کے تحت چلایا جا رہا تھا تاکہ پاکستان کے اندرونی استحکام کو نقصان پہنچایا جا سکے اور ریاستی اداروں کے خلاف عوامی اعتماد کو کمزور کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق اس مذموم پروپیگنڈا مہم کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے وابستہ ایک افسر کرنل دیپک نیگی کا نام سامنے آیا ہے، جو مبینہ طور پر اس پوری مہم کی نگرانی کر رہا تھا۔ سیکیورٹی اداروں نے واضح کیا کہ ’باہوت بلوچ‘ نامی یہ اکاؤنٹ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سرگرم تھا اور اس کے ہزاروں فالوورز تھے۔ یہ اکاؤنٹ خاص طور پر حساس مواقع پر متحرک ہو جاتا تھا اور افواجِ پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات اور جھوٹے بیانیے کو فروغ دیتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مودی حکومت نے بھارت کی خودمختاری کو کمزور کر دیا ، راہول گاندھی
مزید بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی ادارے کافی عرصے سے اس اکاؤنٹ کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھے، جس کے بعد متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ٹھوس شواہد فراہم کیے گئے۔ ان شواہد کی تصدیق کے بعد اب اس اکاؤنٹ کو مستقل طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جدید دور میں سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے، جہاں جعلی شناختوں کے ذریعے مخصوص بیانیہ پھیلا کر عوامی رائے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جاتی ہے۔
حکام نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی غیر مصدقہ خبر یا اشتعال انگیز مواد کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں اور مشکوک اکاؤنٹس کی نشاندہی متعلقہ اداروں کو کریں تاکہ دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی ممکن ہو۔ سیکیورٹی حکام نے اس اکاؤنٹ کی معطلی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے، تاہم خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے مزید نیٹ ورکس بھی سرگرم ہو سکتے ہیں جن کے خلاف مسلسل نگرانی اور کارروائی کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت،اسرائیل بی ایل اے ، ٹی ٹی پی کی مالی معاونت کررہا ہے، بھارتی کرنل کا اعتراف




