یکم اپریل سے نجی تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان

جہلم ویلی سے نجی تعلیمی اداروں کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ضلع جہلم ویلی، نبیل انجم عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے اب مزید چھٹیوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بار بار تعطیلات کی وجہ سے طلبہ کی تعلیم شدید متاثر ہو رہی ہے، جس کا ازالہ ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں تعلیمی اداروں کو بند کرنا مناسب حل نہیں، کیونکہ اس کا سب سے زیادہ نقصان طلبہ کے مستقبل کو ہوتا ہے، خصوصاً وہ بچے جو پہلے ہی تعلیمی مشکلات کا شکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں نئے تعلیمی بورڈز کے قیام پر بحث چھڑ گئی ،حقیقت کیا ہے؟

صدر ایسوسی ایشن کے مطابق تمام نجی تعلیمی ادارے یکم اپریل سے باقاعدہ طور پر کھول دیے جائیں گے اور تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ اس سلسلے میں والدین اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلا جھجک اپنے بچوں کو سکول بھیجیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نجی تعلیمی ادارے بچوں کی تعلیم کے تسلسل کو ہر صورت یقینی بنائیں گے اور مزید کسی تعلیمی تعطل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top