ڈاکٹر مشتاق کا فاروق حیدر پر کرپشن کا الزام،مقابلے کا چیلنج بھی دیدیا

جہلم ویلی: جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ حلقہ 6کے ایم ایل اے راجہ فاروق حیدر خان عوام کو حساب دیں کہ لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں چکوٹھی،کھلانہ کے عوام کا حق مار کر چناری میں ایک گھر کیلئے لاکھوں روپے مالیت کے قومی فنڈز سے مورچہ کیوں تعمیر کروایا؟۔

چکوٹھی میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ فاروق حیدر کے عوام دشمن اقدامات ،کرتوتوں کے باعث عوام انہیں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سردار قیوم کے کہنے پر فاروق حیدر کی حمایت کی تھی،اب ان کے پاس کوئی بیانیہ ہی نہیں، ڈاکٹر مشتاق

جماعت اسلامی،اس کی فلاحی تنظیموں کی جانب سے غریب عوام کیلئےدئیے جانے والے رمضان میں راشن پیکیج پر تبدیل ہونیوالی ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سے پابندی لگوا کر فاروق حیدر اور دیگر سکیم خورخوشیاں منا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ فاروق حیدر نے یہ دشمنی کس کے ساتھ کی؟ یہ دشمنی چکوٹھی،کھلانہ،اس حلقہ کی غریب عوام،یتیموں، بیواؤں کے ساتھ کی تھی،میں بھی اس وقت تک چکوٹھی نہیں آیا جب تک ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی کا ٹرانسفر نہیں کروایا کیونکہ وہ سکیم خوروں سے بھاشن لینے لگ گئی تھی۔

آج پھر ضلعی انتظامیہ جہلم ویلی کو خبردار کرتا ہوں کہ اگر کوئی بھی عوام دشمن قدم اٹھایا،میرے کسی ایک بھی ووٹر کے ساتھ کوئی نا انصافی کی،یا ناجائز طریقے سے پیسے کھائے تو تمہاری پیٹ کی آنتڑیاں نکال کر عوام کا حق باہر نکالتے ہوئے اپنے حلقہ کے عوام کے حق کا تحفظ کروں گا۔

ڈاکٹر محمد مشتاق کا کہنا تھا کہ فاروق حیدر لاکھوں روپے تنخواہ،مراعات لیتے رہے،لاکھوں روپے تنخواہ لینے والا عوامی ملازم کو جو کرپشن کرے ،اسے دوبارہ رکھنا چاہیے یا نہیں؟سب ساتھ دیتے ہوئے عدل و انصاف کے نشان ترازو پر مہر لگا کر ایسے ملازم کو ہمیشہ کے لیے مسترد کردیں۔

یہ بھی پڑھیں: عوام کسی سیاسی بہکاوے میں ووٹ ضائع نہ کریں،ن لیگ کوسپورٹ کریں، فاروق حیدر

انہوں نے کہا کہ ماں کا دودھ پیا ہے تو آؤ عوامی تعمیرو ترقی، خوشحالی میں میرا مقابلہ کرو ،میری سیاست تو یہ ہے کہ میں اپنے حلقے کے دس ہزار جوانوں کو بنو قابل پروگرام کے ذریعے روزگار دوں گا،تم تین ہزار کو بھی دے کر دکھا دو تو میں تمہارے لیے راستہ چھوڑ دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد عوامی نمائندہ فنڈز سارے کھا گیا،بیس سال سے حکومت کرنے والا ایم ایل اے بتائے عوام کے لیے کیا کیا؟یتیموں کی کفالت،سکولوں کی کرسیاں،چھتیں،پانی کے ٹینک جماعت اسلامی کو دینے پڑتے ہیں تو بتایا جائے اس پھنڈر مال کو کس لیے رکھا ہوا ہے۔؟

انہوں نے کہا کہ اسے تبدیل کرنا حلقہ 6کے بزرگوں،جوانوں،خواتین کی ذمہ داری ہے،انشاء اللہ میں آپ کو یہ خوشخبری دیتا ہوں کہ اس دفعہ عوامی قوت سے جیت کر فاروق حیدر کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے گھر بھیجیں گے۔

Scroll to Top