سعودی عرب کے شہر جدہ میں یومِ پاکستان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ملکی سلامتی، عسکری قیادت اور قومی عزم پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر، نہایت پیشہ ورانہ مہارت اور مضبوط حکمت عملی کیساتھ ملک کی سرحدوں کا دفاع کر رہی ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان ہر قسم کے خطرات کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں ۔
احسن اقبال نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ حالیہ معرکۂ حق میں پاکستان نے دشمن کے11 طیارے مار گرائے، جو افواج کی پیشہ ورانہ برتری اور تیاری کا واضح ثبوت ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز کی بندش : تیل کی عالمی سپلائی متاثر،بوجھ عوام پر نہیں ڈال سکتے،احسن اقبال
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں صرف عسکری طاقت کا نتیجہ نہیں بلکہ پوری قوم کے اتحاد اور عزم کی عکاس ہیں ۔
انہوں نے پاکستانی جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سپاہی قوم کا فخر ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی رہے گی ۔
وفاقی وزیر نے حکومت کی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ’’اڑان پاکستان ‘‘ کے ایجنڈے پر دوبارہ کام شروع کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد معیشت کی بحالی اور ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹیکس کے بغیر ترقی ناممکن ، حکومت کے پاس پیسے چھاپنے کی مشین نہیں : احسن اقبال
انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ ملک کی معیشت میں اہم حصہ ڈال رہے ہیں اور ہر مشکل وقت میں وطن کا ساتھ دیتے ہیں ۔




