مہلم چڑکپورہ واقعہ پر غلط ایف آئی آر کا اندراج،عوام سراپا احتجاج، کوہالہ مظفرآباد شاہراہ بلاک

مظفرآباد :حلقہ 5 کھاوڑہ کے علاقے مہلم چڑکپورہ کے مقام پہ 2گروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم اور راہگیر کے جاں بحق ہونے کے بعد غلط ایف آئی آرکے اندراج کیخلاف دولائی کے مقام پر مظفرآباد کوہالہ مین شاہراہ کو بند کردیا گیا جس سے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رو زمہلم چڑکپورہ کے مقام سیکرٹری حکومت تہذیب النسا ءکی موجودگی میں گاڑی کراس کے تنازع پر گوجر اور راجہ برادری کے درمیان تصادم ہوا اور دوطرفہ فائرنگ کی گئی جس کے باعث بشیر مغل نامی راہگیر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بیوی کو حق مہر دینے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ آ گیا

ذرائع کے مطابق فائرنگ میں پولیس اہلکارسمیت 5افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے،واقعہ کے حوالے سے مختلف دعوے کئے جا رہے ہیں جبکہ سیکرٹری حکومت کے قریبی ذرائع کے مطابق واقعہ ان کے وہاں سے آنے کے بعد ہوا ہے۔

ادھرکمشنر مظفرآباد ڈویژن ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن مظفرآباد، ایس ایس پی مظفرآباد اور ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے گزشتہ روز مہلم چڑکپورہ روڈ پر دو گروپوں کے مابین ہونیوالے تصادم کے دوران زخمی ہونیوالے پولیس اہلکارمحمد مسعود کانسٹیبل کی سی ایم ایچ مظفرآباد میں عیادت کی

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد،سراں پیر چناسی روڈ پر حادثہ،ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

کمشنر مظفرآبادنے زخمی اہلکار بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور پولیس اہلکارکی جرأت، بہادری اور فرض شناسی پر خراج تحسین پیش کیا-

اس موقع پر انتظامیہ اور پولیس کے سینئر آفیسران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ اور قیام امن کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا-

Scroll to Top