خورشید آباد(کشمیر ڈیجیٹل)ممبر کشمیر کونسل ، پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماخواجہ طارق سعید نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے مقابلے میں آئندہ الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا
خواجہ طارق سعید کے اعلان کے بعد موجودہ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل راٹھور کوالیکشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ممبر کشمیر کونسل و سابق امیدوار اسمبلی خواجہ طارق سعید نے خورشید آباد جلسہ میں حویلی کہوٹہ سے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے خلاف انتخابات لڑنے کا اعلان کر دیا۔

عید ملن تقریب کے موقع پر ہونے والا یہ اجتماع اچانک ہزاروں افراد کے ایک بڑے سیاسی شو میں بدل گیا جہاں خواجہ طارق سعید نے نہایت جارحانہ سیاسی اننگز کا آغاز کردیا۔
،
دبنگ انداز میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ ہر صورت انتخابی میدان میں اتریں گے اور کسی پارٹی ٹکٹ کے محتاج نہیں۔
تقریب میں حلقہ بھر سے کارکنوں اور حامیوں کی غیرمعمولی تعداد کی شرکت نے اسے طاقت کے بھرپور مظاہرے میں بدل دیا اور یوں حویلی کہوٹہ کی سیاست میں ایک نئی لہر پیدا ہو گئی۔
خطاب کرتے ہوئے خواجہ طارق سعید نے کہا کہ پارٹی صدر کو انتخابات لڑنے بارے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کر رکھا ہے،
ان کا کہنا تھا کہ“میری عوام ہی میرا ٹکٹ ہے” اور وہ عوامی طاقت کے بل بوتے پر اپنے مخالفین کا مقابلہ کروں گا۔
انہوں نے اپنی ہی جماعت کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حویلی کہوٹہ آج بھی بنیادی مسائل کا گڑھ ہے۔
یہاں ایل او سی پر واقع ضلع بھر میں ایک لاکھ سے زائد آبادی کے مسائل، تعلیم، صحت، انٹرنیٹ سہولیات کی غیر معیاری سروس، مہنگائی، اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے عوام کی زندگیوں کو دگرگوں کر رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کو دیکھ کر لگتا ہے کہ حکومت صرف وعدوں اور اعلانات تک محدود رہ گئی ہے اور حقیقی ترقی اور سہولیات کی فراہمی میں شدید کمی ہے۔
خواجہ طارق سعید نے علاقے کے سیاحت کے فروغ، تعمیر و ترقی کے امکانات اور مقامی وسائل کے بہتر استعمال پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلخصوص خورشید آباد اور بلعموم حویلی کہوٹہ قدرتی خوبصورتی اور تاریخی ورثے کے لحاظ سے بے پناہ پوٹینشل رکھتے ہیں لیکن اس صلاحیت کو بروئے کار لانے کیلئے سیاسی قیادت کی سنجیدہ توجہ اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ منتخب ہوتے ہی مقامی انفراسٹرکچر، تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز اور انٹرنیٹ و دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔
خطاب کے دوران خواجہ طارق سعید نے رفاقت گجر قتل کیس کا حوالہ دیتے ہوئے فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملزمان کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے خود کو عوام کا خادم قرار دیتے ہوئے کہا کہ خدمت کے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے ہیں اور کامیابی کے بعد علاقے کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

انہوں نے تمام قبائل کو یکساں عزت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کارکنوں کو بھرپور انتخابی تیاریوں کی ہدایت بھی جاری کی۔
تقریب میں مختلف قبائل سے تعلق رکھنے آلے سرکردہ رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کرتے ہوئے خواجہ طارق سعید کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان بھی کیا۔
خورشید آباد میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ طارق سعید نے اعلان کیا کہ خدا کو گواہ بنا کر وعدہ کرتا ہوں کہ میں اب کی بار ہر صورت الیکشن لڑوں گا،کسی صورت پیچھے نہیں ہٹناہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور کی زیرصدارت اہم اجلاس، مظفرآبادکی خوبصورتی ،انفراسٹریکچر پربریفنگ
خواجہ طارق سعیدکا کہنا تھا کہ آج کے پروگرام نے میرے الیکشن پر مہر ثبت کر دی ہے۔ میں تمام برادریوں کا مشکور ہوں اور حلقہ میں ایک ایک فرد کو جانتا ہوں ، ساتھ دینے پر سب کا مشکورہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے عوام ہی میراٹکٹ ہیں،خواجہ طارق سعید کی عید ملن پارٹی بڑے سیاسی اجتماع میں تبدیل ہوگئی۔
یاد رہے کہ سابق الیکشن میں خواجہ طارق سعید کی حمایت سے ہی فیصل ممتاز راٹھور نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق خواجہ طارق سعید حلقہ میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے زائدیا کم ازکم برار ووٹ رکھتے ہیں کیونکہ کشمیری قبائل کی بھرپورحمایت حاصل ہے اور کشمیری قبائل کا فیصلہ کن ووٹ ہی فیصل راٹھور کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
دوسری طرف مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے متوقع امیدوار سابق سینئر وزیر چوہدری محمد عزیز (مرحوم)کےصاحبزادے چوہدری محسن عزیزہوں گے جنہیں گوجر برادری کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
خواجہ طارق سعید کے الیکشن لڑنے پر فیصل ممتاز راٹھورکیلئے الیکشن لڑنا تقریباً ناممکن نظرآتاہےکیونکہ ان کا ووٹ تقسیم ہوجائیگا جبکہ مسلم لیگ(ن) کے امیدوار محسن عزیز کی پوزیشن مستحکم ہوجائیگی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں آج یوم پاکستان ملی جذبے سے منایا جا رہا ہے، صدر اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد
سیاسی مبصرین کا یہ بھی خیال ہے خواجہ طارق سعید حلقہ میں اس قدر مقبول ہیں کہ وہ اپ سیٹ بھی کرسکتے ہیں۔
فیصل ممتازراٹھورنے ہمیشہ یہ دعویٰ کیا ہے کہ خواجہ طارق سعید اور میں متحد ہیں لیکن اب جب طارق سعید نے کارکنوں نے وعدہ کرلیا ہے الیکشن لڑنے کا تو کیا فیصل راٹھور ان کی حمایت کرینگے یا نہیں یہ آنیوالا وقت بتائے گا۔




