میرپورواقعہ،ایکشن کمیٹی کا کل ایس ایس پی آفس کی طرف مارچ کا اعلان، بڑے مطالبات پیش

میرپور(کشمیر ڈیجیٹل)جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی میرپورنے خاتون کو ہراساں کرنیوالے ایس ایچ او کی گرفتاری نہ ہونے پر کل یکم مارچ دن 11 بجے ایس ایس پی میرپور آفس کی طرف مارچ کا اعلان کر دیا۔

جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی میرپورکا گزشتہ روز میرپور میں اہم اجلاس ہوا جس میں 3 دن کی ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس کے بعد اعلامیہ پڑھ کر سنایا گیا جس میں کہا گیا کہ ہماری بہن ،بیٹی سے ایسا سلوک کیا گیا جس سے سب کے سرشرم سے جھک گئے،یہ ہماری مائوں ، بہنوں، بیٹیوں کی تذلیل کی ہے، پولیس کی طرف سے اوورسیز خاتون کیساتھ کیا جانیوالاسلوک ناقابل برداشت ہے۔

ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ درندے ایس ایچ او عمران کی معطلی کافی نہیں اسے نوکری سے برطرف کیا جائے اور واقعہ کی ہائیکورٹ ججز کی زیر نگرانی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔ آزادکشمیر بھر کے پولیس ملازمین کا ڈرگ ٹیسٹ کرکے رپورٹ پبلک کی جائے۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وکلاء کی ٹیم بھی تشکیل دیدی جو خاتون کے کیس کاجائزہ لے گی اور ایف آئی آرمیں کمزور دفعات ختم کراکر اسے مضبوط بنایا جائیگا۔

ایکشن کمیٹی نے انتباہ جاری کیا کہ اوورسیز کشمیری خاتون کو جان کا خطرہ ہے، خاتون کو کچھ نقصان پہنچا تو آئی جی آزادکشمیر، ڈی آئی جی میرپور ڈویژن اور ایس ایس پی میرپور ذمہ دار ہونگے۔

حکمت عملی کے تحت کل یکم مارچ کو دن 11 بجے سٹیڈیم میں جمع ہونے کے بعد ایس ایس پی میرپور آفس کی طرف مارچ کیا جائیگا۔احتجاج مارچ میں تمام مکاتب فکر سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔

ادھر ممبر کور کمیٹی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی شوکت نواز میر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر ایک عام آدمی پر کوئی الزام ہو تو اسے فوری گرفتار کر لیا جاتا ہے کیا ریاست میں عام آدمی اور سرکاری ملازم کے لئے الگ قانون ہے۔؟

ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعہ میں ملوث ملزم ( انسپکٹر عمران) کو فوری گرفتار کیا جائے صرف معطل کر دینا کافی نہیں ہے اگر گرفتاری عمل میں نہ لائی گئی تو شدید ترین عوامی ردعمل کی تمام تر ذمہ داری حکومت باالخصوص انسپکٹر جنرل پولیس پر عائد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی کسی بھی بیٹی کے ساتھ زیادتی یا زیادتی کی کوشش ناقابل برداشت عمل ہے اور بالخصوص اوورسیز کشمیری بہنوں اور بیٹیوں پر اپنے وطن میں کسی بھی ظلم و زیادتی پر ریاست کا کوئی بھی فرد خاموش نہیں رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور، ایس ایچ اوکی ہراسگی کا شکارخاتون کے سنسنی خیز انکشافات، ملزم روپوش

 

Scroll to Top