ہائی ایس

مظفرآباد،ہائی ایس گاڑی گہری کھائی میں جا گری،ایک شخص جاں بحق، 5زخمی

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)تھانہ پولیس پنجگراں کی حدود میں نوسدہ بٹناڑا کے مقام پر ہائی ایس گاڑی حادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ شدید زخمی ہو گئے ۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ پولیس پنجگراں محمد یونس بٹ اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کی امداد میں حصہ لیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے سی ایم ایچ مظفرآباد منتقل کر دیا گیا ۔

حادثہ دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقے پنجگراں میں نوسدہ بٹناڑا کے مقام پر پیش آیا، جہاں ہائی ایس گاڑی نمبر آر آئی آر 7487 محمد فراز ولد راجہ امداد ساکنہ دھنی کے کنٹرول میں تھی ۔ حادثے کے باعث محمد عارف ولد ہدایت اللہ ساکنہ چیربن ڈنہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایبٹ آباد، جیپ گہری کھائی میں جا گری، 5 افراد جاں بحق

حادثے میں ادیبہ بی بی زوجہ حماد نزیر ساکنہ نوسیری، اسماعیل ولد منگتا ساکنہ چلہانہ ریالی ضلع نیلم، نثار احمد ولد جمد علی مغل ساکنہ نوسیری، فیضان ولد محمد اسماعیل مغل ساکنہ نوسیری اور سبحان ولد سجاد مغل ساکنہ نوسیری شدید زخمی ہوئے ۔

ایس ایچ او تھانہ پولیس پنجگراں محمد یونس بٹ نے موقع پر رپورٹ درج کرتے ہوئے جاں بحق شخص کی نعش ورثاء کے حوالے کر دی ۔ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور انہیں سی ایم ایچ مظفرآباد میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔

پولیس کے مطابق حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ تصدیق کی جا سکے کہ حادثہ کس وجہ سے پیش آیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نیلم حادثہ: سیاحوں کی جیپ کھائی میں جا گری، 5 افراد جاں بحق

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حادثات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں اور ڈرائیونگ کے دوران رفتار کنٹرول میں رکھیں ۔

Scroll to Top