ایران کے گیس فیلڈ پر حملے نے عالمی تیل مارکیٹ میں ہلچل مچا دی، قیمتوں میں بڑا اضافہ

اسرائیل کے ایران کے سب سے بڑے گیس فیلڈ پر حملے کے بعد عالمی تیل مارکیٹ میں زبردست ہلچل مچ گئی قیمتیں اچانک 5 فیصد سے زائد بڑھ گئیں اور دنیا بھر میں توانائی بحران کا خدشہ شدت اختیار کر گیا۔

رپورٹس کے مطابق برینٹ کروڈ کی قیمت بڑھ کر 108.66 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ بھی 98.65 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: تیل کے ذخائر کتنے ہیں اور معیشت کی صورتحال کیا ہے؟ وزارت خزانہ نے بتادیا

ماہرین کے مطابق یہ اضافہ اس خدشے کے باعث ہوا کہ خطے میں جنگ طویل ہو سکتی ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق حملہ دنیا کے سب سے بڑے گیس فیلڈ ساؤتھ پارس گیس فیلڈ پر کیا گیا جو ایران کے صوبہ بوشہر کے ساحل کے قریب واقع ہے۔

اس حملے نے نہ صرف ایران بلکہ عالمی گیس سپلائی کو بھی شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔

حملے کے فوری بعد اسلامی انقلابی گارڈ کور نے دھمکی دی کہ وہ قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی آئل و گیس تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے جس سے پورے خطے میں خوف کی فضا قائم ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، فی بیرل قیمت 102 ڈالر سے تجاوز کر گئی

اسی دوران قطر کے راس لفان گیس فیسلٹی میں ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کے بعد آگ لگنے کی اطلاع ملی جسے بعد میں حکام نے قابو میں آنے کی تصدیق کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں اور اس کے بعد ایران کی جوابی کارروائیوں نے مشرق وسطیٰ سے تیل اور گیس کی ترسیل کو شدید متاثر کیا ہے جبکہ کئی مقامات پر پیداوار بھی روک دی گئی ہے۔

Scroll to Top