اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الفطر اور یومِ پاکستان کے موقع پر بینکوں میں مسلسل چار روز کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ ان چھٹیوں کے دوران ملک بھر کے تمام سرکاری و نجی مالیاتی ادارے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور ایس ای سی پی اپنی تمام تر کارروائیاں بند رکھیں گے۔
اعلان کے مطابق عید الفطر کی چھٹیاں جمعہ 20 مارچ اور ہفتہ 21 مارچ کو ہوں گی، جبکہ اتوار کی ہفتہ وار چھٹی اور پیر 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی عام تعطیل ہوگی۔ اسٹیٹ بینک سمیت تمام بینک اور اسٹاک ایکسچینج منگل 24 مارچ سے اپنے معمول کے کاروباری امور دوبارہ شروع کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عید الفطر 2026: نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کا طریقہ اور سرکاری گائیڈ لائنزجانیے
دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ رواں سال عید پر نئے کرنسی نوٹ جاری نہیں کیے جائیں گے۔ اسٹیٹ بینک کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ نئے نوٹوں کی عدم دستیابی کے حوالے سے پھیلایا جانے والا خط جعلی ہے اور عوام ایسی غیر تصدیق شدہ خبروں پر کان نہ دھریں۔
نئے نوٹ حاصل کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک نے ایک مربوط نظام وضع کیا ہے جس کے تحت شہری اپنے موبائل سے شارٹ کوڈ 8877 سروس کا استعمال کر سکتے ہیں۔ اس طریقے کے مطابق صارفین کو اپنے میسج باکس میں اپنا شناختی کارڈ نمبر اور مطلوبہ بینک برانچ کا کوڈ لکھ کر 8877 پر بھیجنا ہوگا، جس کے جواب میں انہیں ایک مخصوص ٹرانزیکشن کوڈ اور برانچ کا پتہ موصول ہو جائے گا۔ شہری اپنا اصل شناختی کارڈ اور اس کی فوٹو کاپی لے کر متعلقہ برانچ سے 10، 20 اور 50 روپے کے نوٹوں کے پیکٹ حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کے بی ایس سی دفاتر اور کمرشل بینکوں کے مینیجرز سے بھی براہِ راست رابطہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ رمضان کے آخری عشرے میں اے ٹی ایمز سے بھی نئے نوٹ نکالنے کی سہولت میسر ہوگی۔




