قومی ٹی 20کپ ،بارش نے لاہور کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، ایبٹ آباد فائنل میں پہنچ گیا

پشاور میں کھیلے جانے والے قومی ٹی 20کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ڈرامائی صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہو سکا اور بالآخر منسوخ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں ایبٹ آباد کی ٹیم پوائنٹس اور بہتر اوسط کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ گئی۔

میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور وائٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 194 رنز بنائے اور ایبٹ آباد کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل، حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین کی کپتانی غیر ملکی کرکٹر نے سنبھال لی

لاہور وائٹس کی جانب سے عمران ڈوگر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 62 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ محمد اخلاق نے 42، فرحان یوسف نے 33 جبکہ محمد محسن نے 24 رنز اسکور کیے

ایبٹ آباد کی جانب سے شہاب خان نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 28 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

تاہم بارش کے باعث ایبٹ آباد کی اننگز کا آغاز ہی نہ ہو سکا اور امپائرز نے طویل انتظار کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔

اس طرح ٹورنامنٹ کے قوانین کے مطابق ایبٹ آباد کی ٹیم بہتر پوائنٹس اور رن ریٹ کی بنیاد پر فائنل کے لیے کوالیفائی کر گئی۔

یہ بھی پڑھیں:2 غیر ملکی کرکٹرز پی ایس ایل سے دستبردار، پی سی بی کا زمبابوین کھلاڑی کیخلاف ایکشن کا فیصلہ

اب قومی ٹی 20کپ کے فائنل میں ایبٹ آباد کا مقابلہ کراچی وائٹس سے ہوگا جس کے بعد شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔

Scroll to Top