گوگل میپس میں حالیہ برسوں کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ کی گئی ہے، جس میں آسک میپس نامی نیا بٹن شامل کیا گیا ہے جو جدید جنریٹیو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
اس ٹول کے ذریعے صارفین جیمنائی چیٹ بوٹ کو میپس میں استعمال کر سکیں گے اور ٹائپ کرنے کی بجائے براہ راست بات چیت کے ذریعے رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔ یہ فیچر خاص طور پر ڈرائیونگ یا پیدل چلتے ہوئے راستوں کے بارے میں سوالات کے جواب فراہم کرے گا یا رہنمائی کرے گا کہ کس راستے کا انتخاب بہتر ہے۔
جب صارف اس بٹن پر کلک کریں گے تو ایک چیٹ بوٹ جیسا تجربہ حاصل ہوگا اور وہ کسی بھی جگہ یا مقام کے بارے میں سوال کر سکیں گے۔ البتہ، زیادہ تفصیلی سوالات پوچھنا ضروری ہوگا تاکہ گوگل میپس مطلوبہ اور درست جواب فراہم کر سکے۔ مثال کے طور پر، اگر کوئی صارف پوچھے کہ “فون بیٹری ختم ہونے والی ہے، اسے کہاں چارج کیا جا سکتا ہے؟” تو گوگل کسی لائبریری یا متعلقہ مقام کا نام فراہم کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج: 13,000 روپے کی فوری تقسیم کا فیصلہ، 9999 ایس ایم ایس سروس کا آغاز
جیمنائی کی جانب سے صارفین کو ٹیکسٹ یا آڈیو جوابات بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اس فیچر میں روزمرہ کے سفری راستوں کے بارے میں رہنمائی کے ساتھ ساتھ صارف کے لیے خصوصی میپ آپشنز بھی تیار کیے جائیں گے۔
آسک میپس میں جیمنائی صارف کی ماضی کی ترجیحات کو مدنظر رکھ کر بھی سفارشات فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ، گوگل دنیا یا صارف کے مطلوبہ مقام کے بارے میں تازہ ترین معلومات اور ریویوز بھی مہیا کرے گا۔
گوگل کے مطابق، آسک میپس فیچر فی الحال امریکا اور بھارت میں موبائل صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ دیگر ممالک میں اسے آنے والے مہینوں میں دستیاب کرانے کا امکان ہے۔




