پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کی چمچماتی ٹرافی کا ملک گیر سفر جاری ہے۔ حیدرآباد کے ایک مختصر اور کامیاب دورے کے بعد ٹرافی کو ایک بار پھر کراچی پہنچا دیا گیا ہے جہاں شائقینِ کرکٹ کا جوش و خروش دیدنی ہے۔
کراچی پہنچنے پر ٹرافی کو شہر کے مختلف تاریخی اور مشہور مقامات پر لے جایا گیا۔ پی ایس ایل الیون کی اس ٹرافی کا لیاری، سی ویو اور میری ویدر ٹاور جیسے مقامات پر خصوصی فوٹو شوٹ کیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوشل میڈیا پر اس ٹرافی ٹور کی دلکش تصاویر بھی جاری کر دی ہیں جنہیں شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: زمان خان کی پی ایس ایل میں شرکت مشکوک ہو گئی
یاد رہے کہ اس خوبصورت ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی پہلے ہی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کی جا چکی ہے۔ پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل اینتھم کی ویڈیو شوٹ مکمل ہونے کے بعد اس ٹرافی کو ملک کے دیگر شہروں کے دورے پر بھی لے جایا جائے گا تاکہ ملک بھر کے کرکٹ فینز اس کی جھلک دیکھ سکیں۔
پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کا میدان 26 مارچ سے سجنے والا ہے، جبکہ ایونٹ کا فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ اس بار ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار پی ایس ایل کی تاریخ میں 8 ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔




