شمالی کوریا کی سمندر میں میزائلوں کی بوچھاڑ؛ امریکہ اور جنوبی کوریا کو ‘خوفناک نتائج’ کی وارننگ

سیول: جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے اطلاع دی ہے کہ شمالی کوریا نے ہفتے کے روز بحیرہ جاپان کی جانب تقریباً 10 نامعلوم بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی پیانگ یانگ کی جانب سے امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے خلاف “خوفناک نتائج” کی وارننگ دینے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔ جنوبی کوریا فوج کے مطابق یہ میزائل مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 20 منٹ پر شمالی کوریا کے علاقے سنان سے فائر کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ تیار رہے، پیٹرول 200 ڈالر فی بیرل تک جائے گا،ترجمان ایرانی افواج ابراہیم ذوالفقاری

جاپان کی وزارت دفاع نے بھی اس لانچنگ کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بتایا کہ شمالی کوریا کی جانب سے ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب جنوبی کوریا کے وزیراعظم کم من سیوک نے واشنگٹن میں میڈیا کو بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات کو “اچھا” سمجھتے ہیں اور یہ ملاقات مارچ کے آخر میں ٹرمپ کے دورہ چین کے موقع پر ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا کی ایران کے جزیرہ خارگ پر بمباری،فوجی اہداف تباہ کردیئے، ٹرمپ کا دعویٰ

شمالی کوریا کے رہنما کی بہن کم یو جونگ نے جاری فوجی مشقوں “فریڈم شیلڈ” کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مشقیں ایک ایسے نازک وقت میں ہو رہی ہیں جب عالمی سلامتی کا ڈھانچہ تیزی سے تباہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کو بھی “جارحیت” قرار دیتے ہوئے امریکہ کو عالمی بدمعاش قرار دیا۔ شمالی کوریا نے حالیہ سفارتی کوششوں کو محض ایک “دھوکہ دہی” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

Scroll to Top