گلگت بلتستان :ماتحت عدالتوں میں ہفتہ وار ورکنگ ڈے کا نوٹیفکیشن جاری

گلگت بلتستان چیف کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں چار روزہ (پیر، منگل، بدھ، جمعرات) ورکنگ ڈے نافذ کرنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

گلگت بلتستان چیف کورٹ کی انتظامی کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں معزز چیف جسٹس نے کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر اہم اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔

اس سلسلے میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کی طرز پر یہ اقدامات فوری طور پر گلگت بلتستان چیف کورٹ اور گلگت بلتستان کی ضلعی عدلیہ میں آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہیں گےنوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان چیف کورٹ گلگت اور گلگت بلتستان کی تمام ضلعی عدالتوں میں چار روزہ ورکنگ ویک نافذ کر دیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی میئر باغ سید افراز گردیزی الیکشن کمیشن کا فیصلہ آتے ہی دفتر پہنچ گئے ،شاندار استقبال

اس اقدام کا بنیادی مقصد ایندھن کے استعمال اور انتظامی اخراجات میں کمی لانا ہے۔ اس کے تحت عدالتیں اور دفاتر پیر سے جمعرات تک معمول کے مطابق کام کریں گے۔

گلگت بلتستان چیف کورٹ (پرنسپل سیٹ اور بینچز) کے حوالے سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ معزز عدالتوں کے ساتھ منسلک تمام عملہ پیر سے جمعرات تک اپنے فرائض سرانجام دے گا۔

اسی طرح چیف کورٹ کے دفاتر بھی انہی چار دنوں میں کھلے رہیں گے۔نئے مقدمات کے اندراج کے لیے ارجنٹ سیل جمعہ اور ہفتہ کو بھی کھلا رہے گا۔۔

تاہم وہاں صرف دس فیصد عملہ روٹیشن کی بنیاد پر موجود ہوگا تاکہ فوری نوعیت کے مقدمات کی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

اس کے علاوہ سکیورٹی اہلکار اور صفائی کا عملہ پیر سے ہفتہ تک چوبیس گھنٹے دستیاب رہے گا اور وہ پہلے سے طے شدہ معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:باغ: ڈپٹی میئر سید افراز گردیزی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ

مزید برآں نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ضلعی عدالتیں پیر سے جمعرات تک سابقہ طریقۂ کار کے مطابق کام جاری رکھیں گی۔

جبکہ جمعہ اور ہفتہ کے روز صرف ہنگامی نوعیت کے مقدمات کی سماعت کیلئے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پچیس فیصد عدالتیں اور عملہ روٹیشن کی بنیاد پر دستیاب ہوگا۔

مزید یہ کہ سرکاری گاڑیوں کیلئے پیٹرول، آئل اور لبریکنٹس (POL) کے ماہانہ کوٹے میں بھی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف کورٹ کے معزز جج صاحبان کیلئے مختص پول کی حد میں پچاس فیصد کمی کی جائے گی، جبکہ چیف کورٹ کے افسران اور ضلعی عدلیہ کے جج صاحبان کیلئے اس حد میں پچیس فیصد کمی نافذ کی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں 4 روزہ ورک ویک کا اعلان، اب ہفتے میں 3 چھٹیاں ہوں گی

پروٹوکول اور سیکیورٹی کے حوالے سے بھی نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مقررہ ہائی سیکیورٹی زونز کے اندر نقل و حرکت کے دوران اضافی پروٹوکول یا سکیورٹی گاڑیاں تعینات نہیں کی جائیں گی۔

تاہم متعلقہ ادارے ضروری ضابطوں کے مطابق روٹ سیکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔یہ نوٹیفکیشن چیف جسٹس کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔

Scroll to Top