مظفر آباد،جہلم ویلی، باغ، راولاکوٹ،بھمبر، نیلم ، کوٹلی، میرپور(نمائندگان کشمیر ڈیجیٹل)بھارت کو کرارے جواب’’ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘‘ کو 6سال مکمل ہوگئے ۔پلوامہ ڈرامے اور کنٹرول لائن پار کرنے کی غلطی پر 6 سال قبل آج ہی کے دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارتی طیارہ مار گرایا تھا اور وِنگ کمانڈر ابھی نندن کو قیدی بنایا تھا۔
بھارتی فضائیہ نے26 فروری 2019 کو جعلی سر جیکل اسٹرائیک کا ڈرامہ رچایا جس کا بھانڈہ پاکستان نے عالمی میڈیا کو موقع پر لے جا کر پھوڑا،نریندر مودی نے بذات خود طیاروں کے بادلوں میں چھپ کر کارروائی کا مضحکہ خیز بیان دیا تھا۔
حقیقت کے اعتراف کی بجائے بھارت نے پاکستان کا ایف 16 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا تاہم بھارتی دعوے کو امریکی حکام، دفاعی تجزیہ کارکرسٹین فئیر اور غیر جانبدار بھارتی صحافیوں نے بھی مسترد کر دیا تھا۔
فروری کی 27 تاریخ کا دن پاکستانی عوام یقیناً سرپرائز ڈے کے نام سے یاد رکھتے ہیں کیونکہ اس دن مشہور آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ انجام پایا تھا، پاکستان میں دراندازی کی صورت میں بھارت کو نہ صرف منہ کی کھانی پڑی بلکہ پاکستانی قوم کے لیے یہ دن فخر کی علامت بن گیا۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے مگ ٹوئنٹی ون اور سخوئی تھرٹی طیارے مار گرائے گئے تھے، یہی نہیں پاک فوج نے آزاد کشمیر میں پیرا شوٹ سے اترنے والے اور مقامی افراد کے ہاتھوں لہو لہان ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پکڑ لیا اور پھر جذبہ خیر سگالی کے تحت اسے چائے پلا کر رخصت کیا گیا تھا۔
بھارتی ونگ کمانڈر کی وردی، جہاز کی باقیات اور چائے کا کپ آج بھی پی اے ایف میوزیم کراچی کی آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ گیلری میں محفوظ ہیں۔
بھارت نے دوبارہ بھی ایسی غلطی کی تومنہ توڑ جواب ملے گا، ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں، شہریوں کا عزم
آزادکشمیر کے شہریوں نے سرپرائز ڈے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 فروری 201بھا9 کا سورج پاکستان کے لئے فتح کی نوید لے کر طلوع ہوا ،27 فروری کو جو واقعہ رونما ہوا وہ پاکستان کی بہت بڑی جیت تھی۔
شہریوں نے کشمیرڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ27 فروری کو پاکستانی افواج نے یہ دنیا کو پیغام دیا تھا کہ ہم اپنے وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں، ہم دنیا کو پیغام دیتے ہیں کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ دنیا کی سب سے بہادر اور مضبوط افواج ہیں۔
لوگوں کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے پاکستانی افواج کے بہار جوان اپنے وطن کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتے ہیں،ہم اپنے پاک افواج کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔
شہریوں نے بھارت کو انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ 27 فروری کے واقعے کے بعد دوبارہ بھارت پاکستان کے خلاف ایسا کوئی اقدام اٹھانے کی جرآت تک نہیں کریگا، اگر کبھی دوبارہ ایسی حرکت کی تو ہم ان کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
بھمبر میں واقعہ کے ایک عینی شاہد نے کشمیر ڈیجیٹل کو بتایا کہ 27 فروری 2019 کی صبح کو میں یہاں موجود تھا کہ ایک طیارہ زمین بوس ہوا، پائلٹ بھی زمین پر گرا تو ہم اس جانب چلے گئے۔
جب ہم پائلٹ کی جانب بڑھے تو اس نے بھاگنا شروع کیا بالکل قریب جا کر ہم نے دیکھا تو اس کا بیج بھارت کا تھا،ہم نے اس کو پکڑا اور اسی دوران پاک آرمی کے جوان آگئے انہوں نے پائلٹ کو گرفتار کر لیا۔
شہری نے کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہوئی کہ بھارت کا طیارہ گر کر تباہ ہوا،ہمیں اپنے فوج پر بہت فخر ہے، وہ بارڈر پر ڈیوٹی دیتے ہیں تو ہم سکون کی نیند سوتے ہیں،ہمیں معلوم ہے کہ ہماری فوج جنگ سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
ایک اور شہری نے بتایا کہ 27 فروری 2019 کو صبح کے وقت ہمیں ایک زوردار دھماکے کی آواز آئی، کچھ دیر بعد ہم نے دیکھا تو ایک طیارہ گر کر تباہ ہوا، کچھ ہی دیر بعد پاک آرمی کے جوان پہنچے اور بھارتی پائلٹ کو اپنے ساتھ لے گئے، ہم ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور خون کے آخری قطرے تک پاک فوج کا ساتھ دیں گے ۔
بھارت کی پاکستان کے ہاتھوں ہزیمت کو 6 سال ہو چکے ہیں مگر پاکستانی عوام کے ذہنوں میں آج بھی پاک فضائیہ کا کارنامہ محفوظ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا بھی فواج پاکستان کو خراج تحسین
ادھر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 6 برس مکمل ہونے پر وزیراعظم شہبازشریف نے افواج پاکستان کی جرات وبہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 فروری2019 کو پاکستان ائیرفورس نے غیر متزل عزم سے دشمن کو واضح پیغام دیا ، دشمن کو بتایا گیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کی بھرپورصلاحیت رکھتاہے ۔
بھارت کی خطے میں جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا ، افواج پاکستان کی ملک کی حفاظت کی خاطرقربانیوں کوقوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی ، پاکستان علاقائی امن کو فروغ دینےکےلیےہمیشہ کوشاں رہاہے ۔