آزادکشمیر ، غیرمعیاری ،ملاوٹی اشیاء فروخت کرنیوالوں کا گھیرا تنگ،مختلف محکموں کی کمیٹی تشکیل

مظفرآباد: آزادکشمیر میں غیر معیاری ،ملاوٹی اشیاء فروخت کرنیوالوں کا گھیرا تنگ کرنے کیلئے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نےمختلف محکموں پرمشتمل کمیٹی قائم کردی ہے جو مشترکہ طور پر بازاروں کی پڑتال کریگی۔

ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی آزاد جموں و کشمیرمسعودالرحمان کی سربراہی میں اشیائے خوردونوش کی ٹیسٹنگ کی صلاحیت رکھنے والے جملہ محکموں کا گزشتہ روز اہم اجلاس ہواجس میں متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: یو بی فوڈز کے اسنیکس ،شان فوڈز کے مصالحہ جات غیرمعیاری ثابت، پابندی عائد

اجلاس کا مقصد مختلف محکموںکے پاس موجود ٹیسٹنگ سہولیات اور جدید آلات کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے خوراک کے معیار کو بہتر بنانا اور ملاوٹ کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔

اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مختلف اداروں کے پاس موجود کروڑوں روپے مالیت کے جدید لیبارٹری آلات اور ٹیسٹنگ سہولیات کو ایک مربوط نظام کے تحت یکجا کیا جائے گا تاکہ خوردنی تیل، گھی، دودھ، پانی اور دیگر اشیائے خوردونوش کی سائنسی بنیادوں پر بروقت اور مؤثر ٹیسٹنگ ممکن بنائی جا سکے۔

اس اقدام سے نہ صرف ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی مزید مؤثر ہوگی بلکہ مختلف محکمہ جات کے درمیان باہمی رابطہ اور ادارہ جاتی تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالتِ عظمیٰ کے احکامات پر فوڈ اتھارٹی متحرک، نیلم کے بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی سخت چیکنگ

ڈائریکٹر جنرل فوڈاتھارٹی نے اس مقصد کے حصول کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جو مختلف محکموںکی ٹیسٹنگ صلاحیتوں، دستیاب آلات اور لیبارٹری سہولیات کا جائزہ لے کر ایک جامع فہرست مرتب کرے گی۔

کمیٹی مشترکہ طور پر بازاروں کے دورے بھی کرے گی تاکہ اشیائے خوردونوش کے معیار کی نگرانی کو مزید موثر بنایا جا سکے اور عوام کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ظفر اقبال، ایکسین پبلک ہیلتھ مظفرآباد عمران مختار، اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد حماد بشیر، میونسپل مجسٹریٹ مظفرآباد سردار عمران، ڈی ڈی انڈسٹریز زاہد گیلانی شریک ہوئے۔

اجلاس میں ڈی ڈی فوڈ سردار محمد ثاقب، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز راجہ کاشف لطیف، ویٹرنری آفیسر فہیم عباسی ،فوڈ اینالسٹ/ٹیکنالوجسٹ عبدالجلیل، انیلا عباسی،بلدیہ فوڈ انسپکٹر ندیم میر سمیت فوڈ اتھارٹی کے متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن: آزاد کشمیر کے داخلی راستوں پر ناکہ بندی، بھاری مقدار میں غیر معیاری اشیاء ضبط

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ بین الادارہ جاتی تعاون کے ذریعے ملاوٹ کے خلاف موثر اور مربوط کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

Scroll to Top