چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، انتخابی فہرست کو وارڈ وائز اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد:چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے انعقاد کے سلسلے میں انتخابی فہرستوں کی تیاری اور اپڈیٹ کے حوالے سے آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار ظفر، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشاد قریشی، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، کمشنر مظفرآباد بدر منیر، کمشنر میرپور طاہر ممتاز اور کمشنر پونچھ سردار وحید سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر:الیکشن کی تیاریاں، الیکشن کمیشن اور نادرا کے درمیان معاہدہ طے پاگیا

اجلاس میں عام انتخابات 2026 کے شفاف، منظم اور بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے انتخابی فہرستوں کی تیاری اور اپڈیٹ کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ عام انتخابات کے لیے انتخابی فہرست 2022 کو بنیاد بناتے ہوئے اسے موضع وائز بنیادوں پر اپڈیٹ کیا جائے گا اور وارڈ وائز ڈیٹا کو موضع وائز ایڈٹ کیا جائے گا تاکہ ووٹر لسٹوں میں درستگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر الیکٹورل سسٹم میں درکار اصلاحات، نئے قومی شناختی کارڈ ہولڈرز کی ڈیٹا انٹری اور تحصیل وائز ووٹر فہرستوں میں موجود ممکنہ بے قاعدگیوں کے جائزے کے لیے موثر اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ وہ تمام افراد جو سال 2022 سے یکم اپریل 2026 تک 18 سال کی عمر کو پہنچ چکے ہیں یا اس مدت کے دوران 18 سال کے ہو جائیں گے انہیں ووٹر فہرستوں میں شامل کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل شہریوں کو اپنے جمہوری حق رائے دہی کے استعمال کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

اجلاس میں ووٹر فہرستوں کی درستگی اور شفافیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے فیلڈ ویریفکیشن کے عمل کو مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس سلسلے میں انتظامیہ کے فیلڈ اسٹاف کے ساتھ ساتھ سیکرٹریز یونین کونسلز کو بھی اس عمل میں شامل کیا جائے گا جبکہ ووٹرز کو فیملی ٹری سسٹم کا حصہ بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ ووٹر ڈیٹا کی تصدیق اور ترتیب کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ انتظامی افسران الیکشن کمیشن کے فیلڈ افسران کی نگرانی کریں گے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز بطور رجسٹریشن آفیسرز اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے تاکہ انتخابی فہرستوں کی تیاری اور اپڈیٹ کا عمل مؤثر اور شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ کا2 حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نادرا کے ساتھ ویریفکیشن کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے گا اور فیلڈ ویریفکیشن کے ذریعے فوت شدہ ووٹرز کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج کیے جائیں گے جبکہ وہ ووٹرز جنہوں نے اپنے قومی شناختی کارڈ میں مستقل پتہ تبدیل کیا ہے ان کی معلومات بھی ووٹر لسٹوں میں اپڈیٹ کی جائیں گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے بھرپور تیاری کر رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ انتخابی فہرستیں ہر لحاظ سے درست، جامع اور قابلِ اعتماد ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں انتظامیہ کا تعاون بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن اپنی غیر جانبداری، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کو ہر صورت برقرار رکھتے ہوئے انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف اور قابل اعتماد بنائے ۔

انہوں نے کہا کہ نادرا کے ساتھ ہونے والا تعاون ووٹرز کی رجسٹریشن اور تصدیق کے عمل کو مزید مؤثر اور آسان بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن ، 13 بلدیاتی نشستوں پرضمنی الیکشن کا شیڈول جاری

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشاد قریشی نے الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں کی تیاری اور تصدیق کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے لوکل گورنمنٹ کا فیلڈ اسٹاف بھی الیکشن کمیشن کے ساتھ بھرپور معاونت فراہم کرے گا تاکہ آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات بروقت اور احسن انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔

Scroll to Top