اسلام آباد:آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی فوڈ اتھارٹی کی طرف سے لیبارٹری کو بھیجے گئے یو بی فوڈز کے اسنیکس ،شان فوڈز کے مصالحہ جات کے سیمپل غیر معیاری ثابت ہو گئے۔
ناظم خوراک/سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی نے لیبارٹری تجزیہ کے بعد موصول ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں غیر معیاری قرار دی جانے والی اشیائے خوردونوش کی فروخت پر آزاد کشمیر میں پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عدالتِ عظمیٰ کے احکامات پر فوڈ اتھارٹی متحرک، نیلم کے بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی سخت چیکنگ
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شان کمپنی کا قورمہ مصالحہ جبکہ یو بی فوڈز کی پراڈکٹس جن میں لنچ بریانی سنیکس، سومو سنیکس اور کیچ اپ مصالحہ سنیکس شامل ہیںکو لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد غیر معیاری قرار دیا گیا۔
ناظم خوراک/سیکرٹری فوڈ اتھارٹی نے اس ضمن میں تمام فوڈ سیفٹی آفیسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ مذکورہ کمپنیوں کی درج شدہ مصنوعات کی مارکیٹ میں فروخت فوری طور پر بند کروائی جائے اور جہاں بھی دستیاب ہوں انہیں فوری طور پر ضبط کر لیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی وانتظامیہ کا ایکشن، پٹہکہ بازار سے غیرمعیاری اشیاء ضبط، دکانداروں کو جرمانے
عوام کو معیاری اور محفوظ اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانا فوڈ اتھارٹی کی اولین ذمہ داری ہےلہٰذا غیر معیاری یا مضر صحت اشیاء کی تیاری اور فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں مختلف بازاروں اور دکانوں پر چیکنگ کے دوران مذکورہ مصنوعات کی موجودگی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں فروخت ہونیوالا 6برانڈز کا گھی غیرمعیاری قرار
فوڈ اتھارٹی نے دکانداروں اور فوڈ بزنس آپریٹرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر مذکورہ مصنوعات اپنی دکانوں سے ہٹا دیں بصورت دیگر خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




