بھار تی اوپنر اور وکٹ کیپر بیٹر سنجو سیمسن نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سابق پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا 17 سال پرانا ریکارڈ برابر کر دیا ۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 256 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 257 رنز کا ہدف دیا ۔
یہ اسکور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کسی بھی فائنل میں دیا جانے والا اب تک کا سب سے بڑا ہدف ہے۔ اس بڑی اننگ میں سنجو سیمسن نے مرکزی کردار ادا کیا اور جارحانہ بیٹنگ سے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا ۔
سنجو سیمسن نے 46 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگ کھیلی ، ان کی اننگ میں 8 بلند و بالا چھکے اور 5 چوکے شامل تھے ۔
سیمسن نے ابتداء سے ہی تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے باؤلرز کو دباؤ میں رکھا اور ٹیم کے مجموعی اسکور کو ریکارڈ سطح تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ورلڈکپ فائنل : بھارت نیوزی لینڈکو شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹی 20 چیمپئن بن گیا
یہ سنجو سیمسن کی رواں ورلڈکپ میں مسلسل تیسری نصف سنچری ہے۔ اس سے قبل انہوں نے سپر 8 مرحلے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اور پھر سیمی فائنل میں انگلینڈ کیخلاف بھی نصف سنچری اسکور کی تھی ۔
سنجو سیمسن اب آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں سیمی فائنل اور فائنل دونوں میں نصف سنچری بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔
اس سے پہلے یہ کارنامہ صرف پاکستان کے شاہدخان آفریدی نے 2009 کے ورلڈکپ میں جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی نے 2014 کے ورلڈکپ میں انجام دیا تھا ۔
اس کے علاوہ سنجو سیمسن نے ایک اور اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انہوں نے 89 رنز بنا کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے مارلن سیموئلز اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کے پاس تھا، جنہوں نے اپنے اپنے فائنلز میں 85، 85 رنز اسکور کیے تھے ۔




