بھارت نے آئی سی سی مینزٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دیکر تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ۔
احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم بھارتی بیٹرز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے کیوی بولرز کو دباؤ میں رکھا ۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا ۔ بھارتی اننگز کی بنیاد سنجو سیمسن، ایشان کشن اور ابھیشک شرما کی دھواں دھار بیٹنگ نے رکھی ۔
سنجو سیمسن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 89 رنز بنائے اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن تک پہنچایا ۔ ایشان کشن نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 24 گیندوں پر 54 رنز اسکور کیے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل ، بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 256 رنز کا ہدف دیدیا
ابھیشک شرما نے 21 گیندوں پر 52 رنز کی تیزرفتار اننگز کھیل کر ٹیم کےاسکورکو مزید مستحکم کیا ۔ اختتامی اوورز میں شیوام دوبے نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 8 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میٹ ہنری اور رچن رویندرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔
256 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی ۔ کیوی ٹیم مقررہ اوورز مکمل ہونے سے قبل 19 اوورز میں 159 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سیفرٹ نے 52 رنز جبکہ مچل سینٹنر نے 43 رنز بنا کر مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے ۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اکشر پٹیل نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ۔




