مظفرآباد : پیٹرول اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر عوام کو ڈپٹی کمشنر کا اہم پیغام

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر احمد قریشی نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم اور گیس کے حوالے سے عوام الناس کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں جب پورے ملک اور دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اوراس کیساتھ ساتھ گیس کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں، تو اس کا براہ راست اور بالواسطہ اثر عوام کی روزمرہ زندگی پر پڑے گا ۔

انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ جب پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ ہوتا ہے اور گیس، جو بطور ایندھن استعمال ہوتی ہے، اس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے تو مہنگائی کی شرح عام حالات کے مقابلے میں زیادہ بڑھ جاتی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کا بڑا اقدام، آن لائن بائیک سروس دوبارہ شروع

ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں تمام عوام کو چاہیے کہ وہ کفایت شعاری کو اپنائیں۔ خریداری کے دوران صرف وہی اشیاء خریدی جائیں جن کی واقعی اشد ضرورت ہو اور غیر ضروری خریداری سے گریز کیا جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سفر کے حوالے سے بھی احتیاط برتنی چاہیے اور صرف ضروری سفر ہی کیا جائے جبکہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے ۔ جہاں ممکن ہو وہاں گاڑی کے استعمال کے بجائے پیدل چلنے کو ترجیح دی جائے ۔

منیر احمد قریشی نے کہا کہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اپنے معاشی حالات پر اسی صورت میں قابو پا سکتے ہیں جب ہم اپنے بجٹ کے مطابق اخراجات کو محدود کریں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد ضلعی افسران کا اجلاس ، ڈپٹی کمشنر نے محکمانہ کارکردگی کیلئے تجاویز طلب کرلیں

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ بے جا اور غیر ضروری اخراجات سے گریز کریں اور اپنی مالی منصوبہ بندی کو بہتر بنا کر مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کریں ۔

Scroll to Top