ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل آج: کیا بھارت اعزاز کا دفاع کرے گا یا نیوزی لینڈ بنے گا نیا چیمپئن؟

ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل آج احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں یہ فیصلہ ہوگا کہ بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا یا نیوزی لینڈ پہلی بار چیمپئن بنے گا۔

اگلے دو سال تک کرکٹ کی دنیا پر کون راج کرے گا، اس کا فیصلہ ہونے میں اب کچھ ہی گھنٹے باقی ہیں۔ اگر بھارتی ٹیم آج کا میچ جیت جاتی ہے تو وہ لگاتار دو بار ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن جائے گی۔ دوسری طرف، اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم فاتح رہتی ہے تو وہ پہلی بار یہ ٹرافی اٹھا کر ایک نئی تاریخ رقم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل ،مچل سینٹنر نے بھارتی شائقین کو خاموش کروانے پر نظریں جمالیں

ٹورنامنٹ کے سفر پر نظر ڈالیں تو بھارت کو سپر ایٹ مرحلے میں صرف جنوبی افریقہ سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نیوزی لینڈ کو گروپ مرحلے میں جنوبی افریقہ اور سپر ایٹ میں انگلینڈ نے شکست دی تھی۔ تاہم، پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ بھارت انگلینڈ کو شکست دے کر یہاں تک پہنچا ہے۔

دونوں ٹیموں کی بیٹنگ بہت مضبوط ہے۔ نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں صرف 13 اوورز میں 170 رنز کا ہدف حاصل کیا، تو بھارت نے اپنے ناک آؤٹ میچ میں 253 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ آج کے اہم میچ میں بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بولنگ کا کردار بھی بہت اہم ہوگا اور جو ٹیم دباؤ کو بہتر طریقے سے سنبھالے گی وہی فاتح قرار پائے گی۔ یہ فائنل میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا اور میچ سے پہلے شائقین کے لیے ایک میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں میں رن ریٹ پر باہر ہوئی ہے ہار کر نہیں، محمد رضوان

Scroll to Top