ایرانی قوم

خامیوں کے باوجود ایرانی قوم دشمنوں کیخلاف متحد ہے ،علی لاریجانی

تہران:ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کے جواب پر ایرانی قیادت میں کوئی اختلاف نہیں ہے اور ایرانی قوم دشمنوں کیخلاف متحد ہے، چاہے ملک میں کچھ خامیاں موجود ہوں ۔

میڈیا سے گفتگو میں علی لاریجانی نے مزید کہا کہ خطے کے ممالک اب یہ سمجھ چکے ہیں کہ امریکا ان کی سکیورٹی کی ضمانت نہیں دے سکتا اور وہ اپنے غلط اندازوں کے دلدل میں پھنس چکا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کو خطے کے دیگر ممالک سے کوئی مسئلہ نہیں اور اگر امریکی اڈے دشمنوں کے لیے استعمال ہوتے ہیں تو ایران کو دفاع کا حق حاصل ہے ۔

انہوں نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی بات کی اور کہا کہ اسے بند نہیں کیا گیا لیکن موجودہ جنگی حالات کی وجہ سے صورتحال متاثر ہے ۔

علی لاریجانی نے امریکا کو خبردار کیا کہ اسے اپنے اقدامات کی قیمت چکانی ہوگی، اور ایران خطے میں اپنی سیکیورٹی کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کے سکیورٹی چیف علی لاریجانی نے دشمن کو سخت وارننگ دے دی

اسی دوران ایرانی رکن اسمبلی آیت اللہ مظفری نے اعلان کیا کہ ایران کی مجلس خبرگان کا اجلاس ایک روز کے اندر طلب کیا جا ئیگا، جس میں نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کیا جا ئیگا ۔

یہ اقدام ایران میں سیاسی قیادت کی مستقبل کی سمت اور خطے میں اثر و رسوخ کے حوالے سے اہم سمجھا جا رہا ہے ۔

علی لاریجانی کے بیانات اور مجلس خبرگان کے اجلاس کے اعلان سے واضح ہوتا ہے کہ ایران امریکی اور اسرائیلی اقدامات کے ردعمل میں متحد اور مستحکم ہے ۔

ایرانی قیادت چاہتی ہے کہ نہ صرف ملک کے دفاع کی مضبوطی برقرار رہے بلکہ خطے میں اپنے حامیوں کے ساتھ بھی تعلقات کو مستحکم رکھا جائے ۔

اس موقع پر ایرانی قیادت کی یکجہتی اور قومی دفاع کی حکمت عملی دونوں سامنے آئی ہیں، جو خطے کی موجودہ سیاسی صورت حال پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہیں ۔

Scroll to Top