مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) جی او سی مری میجر جنرل ظفر محمود نے مظفرآباد میں جمال فاؤنڈیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ادارے کے تحت جاری فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کی انتظامیہ اور مقامی افراد نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا ۔
دورے کے دوران میجر جنرل ظفر محمود کو فاؤنڈیشن کے مختلف شعبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ انتظامیہ نے بتایا کہ ادارہ یتیم اور نادار بچوں کی کفالت کیلئےکام کر رہا ہے ۔
بچوں کو یہاں انہیں رہائش، معیاری تعلیم، تربیت اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ مستقبل میں معاشرے کے مفید شہری بن سکیں ۔
میجر جنرل ظفر محمود نے فاؤنڈیشن کی جانب سے یتیم اور مستحق بچوں کی فلاح کیلئے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی فلاحی تنظیمیں معاشرے میں اُمید اور خدمت کا پیغام دیتی ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پیشگی منصوبہ بندی اور انتظامات نہ کیے ہوتے تو آج پیٹرول 375 روپے فی لٹر ہونا تھا :وزیر دفاع
انہوں نے بچوں سے ملاقات کی، ان سے تعلیم اور روزمرہ سرگرمیوں کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں محنت ، لگن اور تعلیم کے ذریعے آگے بڑھنے کی تلقین کی ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت ایک روشن اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ یتیم اور ضرورت مند بچوں کی دیکھ بھال اور ان کی حوصلہ افزائی معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔
فاؤنڈیشن کے دورے کے دوران افطار کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں بچوں اور مہمانوں نے شرکت کی ۔ افطار کے بعد بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے گئے جس پر بچوں نے خوشی کا اظہار کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دباؤ کے باوجود متوازن فیصلہ، زراعت و ٹرانسپورٹ کے تحفظ کیلئے کم بوجھ رکھا گیا،علی پرویز ملک
اس موقع پر بچوں نے میجر جنرل ظفر محمود کے لیے خصوصی دعا کی اور پاک فوج کے ساتھ اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار بھی کیا ۔




